آزادی کے بعد ہندوستانی عازمین حج کے کوٹے میں ریکارڈ اضافہ

Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی سرکار نے ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں لگاتار دوسرے سال بھی اضافہ کردیا ہے ۔ آزادی کے بعدسے اب تک پہلی بار ایک لاکھ 75 ہزار 25 ہندوستانی عازمین حج 2018 میں حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے سفر حج کریں گے ۔

سعودی عرب کی سرکارنے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹے میں دوسرے سال بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ ہندوستان اورسعودی عرب کے درمیان 2018 کے حج پر دستخط کئے جانے والے معاہدے پردستخط کئے جانے کے بعد کیا ہے ۔اس معاہدے پر مکہ مکرمہ میں مملکت سعودی عرب کے حج اور عمرہ کے امور کے وزیر اور ہندوستان کے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ہندوستان کی جانب سے دستخط کئے تھے ۔

مختار عباس نقوی نے اس سلسلے میں گفتگو کے دوران بتایا کہ اب سے تین سال قبل ہندوستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 36 ہزار 20 تھا جس میں گزشتہ دو برسوں کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔اس ریکارڈ اضافے کے ساتھ یہ کوٹہ ایک لاکھ 75 ہزار 25 افراد تک پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ وزیر اعظم نریندر مودی کی روز افزوں ہوتی مقبولیت اور نریندر مودی کی قیادت میں ہند150سعودی عرب خیر سگالی تعلقات کے مزید مستحکم ہوجانے کے نتیجے میں ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال بھی ہندوستانی عازمین حج کی تعداد میں 35 ہزار کا اضافہ ہوا تھا۔

مسٹر مختار عباس نقوی نے حکومت ہند کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی عرب کی سرکار کا شکریہ اد ا کیا کہ انہوں نے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ سعودی عرب کی سرکار نے سمندر کے راستے سے سفر حج کئے جانے کے منصوبے کو ہری جھنڈی دکھادی ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے افسران جلد ہی اس سے متعلق ضروری امور پر گفتگو اور تبادلہ خیال کریں گے اور تکنیکی امور کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ اگلے برسوں میں سمندر کے راستے سے حج کا سفر ممکن ہوسکے ۔

وزیر موصوف نے سال 2018 کے لئے حج کی تیاریوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سفر حج کے لئے تین لاکھ 55 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور پہلی بار یہ ممکن ہوسکے گا کہ مسلم خواتین بغیر محرم سفر حج کرسکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 1300 خواتین نے محرم کے بغیر سفر حج پر جانے کی درخواست کی ہے ۔انہیں قرعہ اندازی سے مستثنٰی رکھتے ہوئے سفر حج کی اجازت دی جائے گی۔علاوہ ازیں سفر حج پر جانے کی تمنا کرنے والی 45 سال سے زیادہ عمر کی ان خواتین کو چار یا اس سے زائد خواتین کے گروپ میں ہندوستان کی نئی حج پالیسی کے تحت سفر حج کی اجازت دی جائے گی، جن کے ساتھ کوئی مرد رفیق سفر نہیں ہوگا۔یو این آئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے