سرینگر:سانبہ سیکٹر میں سنیپر فائر سے بی ایس ایف کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی ہلاکت کے کچھ ہی گھنٹے بعدسرحدی حفاظتی فورس نے جموں میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد کے ارنیا سیکٹر میں ایک مشتبہ درانداز کو گولی مار کر ہلاک اورسانبہ میں پاکستانی فوج کی دو چوکیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
بی ایس ایف کے مطابق ارنیا میں فائرنگ کے بعد کچھ دیگر درانداز واپس پاکستان کی طرف بھاگ گئے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سرحدی حفاظتی فورس سے وابستہ اہلکاروں نے جموں ضلع میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر مشکوک افراد کی نقل و حرکت دیکھی ۔یہ واقعہ ارنیا سیکٹر کے نکووال علاقے میں پیش آیا، تاہم بی ایس ایف نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا مشتبہ افراد مسلح تھے؟
ذرائع کے مطابق اس موقعہ پربی ایس ایف انتہائی چوکنا ہوئی اور انہوں نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا۔تاہم ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ دراندازوں نے اِس پار کی طرف پیشقدمی جاری رکھی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کو گولی چلانی پڑی۔بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ ان کی فائرنگ سے ایک درانداز ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دیگر کئی ساتھی واپس پاکستانی علاقے کی طرف بھاگ گئے۔
یہ واقعہ سانبہ میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر سرحدی حفاظتی فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی ہلاکت کے دوسرے روز پیش آیا۔بدھ کو سانبہ میں پاکستانی فوج کی طرف سے سنیپر فائرکی زد میں آکر بی ایس ایف اہلکار مارا گیا جس کے بعد پاکستانی رینجرس اور بی ایس ایف کے مابین شدید نوعیت کی گولی باری ہوئی۔بی ایس ایف نے اس کارروائی میں پاکستان کی دو فوجی چوکیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
