جموں: ”ریاستی کابینہ میں دوسری توسیع اورممکنہ پھیربدل “کے تحت جمعرات کوراج بھون جموں میں تصدق مفتی اورجاویدمصطفی میرکوحلف دلایاجائیگا۔اس دوران معلوم ہواکہ2نئے وزراءکووزراءکاشامل کرنے کے ساتھ ساتھ پی ڈی پی کوٹے کے تحت کابینہ میں شامل کچھ وزراءبشمول عمران رضاانصاری اورسیدبشارت بخاری کے قلمدانوں میں تبدیلی بھی لائی جائیگی ۔ریاستی سرکارکے ذرائع نے کابینہ میں توسیع اورکچھ وزیروں کے قلمدان تبدیل کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ وزیراعلیٰ کے بھائی تصدق حسین مفتی اورسابق وزیرجاویدمصطفیٰ میرکی حلف برداری تقریب جمعرات کوصبح 11بجے راج بھون جموں میں منعقدہوگی ۔
7جنوری2016کوسابق وزیراعلیٰ مفتی محمدسعیدمرحوم کی موت کے لگ بھگ4ماہ بعد 4اپریل 2016کووزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں قائم پی ڈی پی ،بی جے پی مخلوط سرکارکی کابینہ میں پی ڈی پی کوٹے سے 2نئے وزراءکوشامل کیاجارہاہے ،اوران کے ناموں کوپہلے ہی حتمی شکل دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ رواں ماہ کی22تاریخ کوریاستی گورنراین این ووہراکی جانب سے تصدق مفتی کوبطورممبرقانون سازکونسل نامزدکئے جانے اوراسے ایک روزقبل سیدفاروق اندرابی کی جانب سے اچانک کابینہ سے مستعفی ہوجانے کے بعدہی یہ امکان ظاہرکیاجارہاتھاکہ وزیراعلیٰ کے بھائی کوکابینہ میں شامل کیاجائیگا۔
معلوم ہواکہ جمعرات کوجموں میں قائم راج بھون میں صبح گیارہ بجے ایک حلق برداری تقریب منعقدہورہی ہے ،جس دوران تصدق مفتی اورسابق وزیرمال جاویدمصطفیٰ میرکوبطورکابینہ وزیرحلف دلاجائیگا۔ذرائع کے مطابق ریاستی گورنراین این ووہرادونوں نئے وزراءکوریاستی آئین کے تحت عہدوں اوررازداری کاحلف دیں گے جبکہ اس موقعہ پرخاتون وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اورنائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ کے علاوہ کابینہ میں شامل سبھی سینئراورجونیئروزراءکے علاوہ ممبران قانون سازیہ بھی موجودہونگے ۔خیال رہے 28دسمبرکوکابینہ میںہونے والی دوسری توسیع ہوگی جبکہ اسے پہلے فروری2017کے پہلے ہفتے میں سیدالطاف بخاری کوکابینہ میں شامل کرکے وزارت تعلیم کاقلمدان سونپاگیاتھا۔اس دوران معلوم ہواکہ تصدق مفتی کوممکنہ طورپرسیاحت اورکلچرکی وزارت کاقلمدان سونپاجائیگا جبکہ یہ دونوں وزارتیں اسوقت وزیراعلیٰ کے پاس ہیں ۔
بتایاجاتاہے کہ کابینہ میں ردوبدل کے تحت جاویدمصطفیٰ میرکوکوئی اہم وزارت دی جائیگی جبکہ ممکنہ طورپرماہ فروری میں ہوئی توسیع وپھیربدل کے وقت ناراض ہوئے کابینہ وزیروں سیدعمران رضاانصاری اورسیدبشارت حسین بخاری کوبھی نئی وزارتوں کے قلمدان دئیے جاسکتے ہیں ۔خیال رہے اسوقت ریاستی کابینہ میں وزیراعلیٰ سمیت پی ڈی پی کے سینئروجونیئروزراءکی تعداد12ہے جبکہ بی جے پی کے وزیروں کی تعداد11ہے ۔تصدق مفتی اورجاویدمصطفیٰ میرکوشامل کرکے کابینہ میں پی ڈی پی وزراءکی تعداد14ہوگی جبکہ کابینہ کاکل حجم25وزراءتک پہنچ جائیگا۔

