پلوامہ:کھریو پلوامہ میں پیر کو بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی ہڑتال رہی ۔قصبہ میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک غائب رہا ۔مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کے سبب اُنہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے کھریو قصبہ میں پیر کے روز بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی ہڑتال رہی ۔معلوم ہوا ہے کہ قصبہ بھر میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر رہی ۔ہڑتال کے باعث کھریو میں معمولات ِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ برقیات کی جانب سے موسم سرما کے دوران جو شیڈول مرتب کیا گیا ،کھریو میں اس شیڈول کا زمینی سطح پر کہیں کوئی نام ونشان بھی نہیں ہے ۔ان کا کہناتھا کہ سردیوں کے شدید ترین ایام کے دوران برقی سپلائی منقطع رہنے سے اُنہیں شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب تک بجلی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاتا ہے ،تب تک وہ احتجاجی ہڑتال جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی بھاری بلیں اداکرتے ہیں ،لیکن پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ہے ۔
مقامی صنعت کاروں نے بھی بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب اُنہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب اُنکے صنعتی یونٹوں پر منفی اثرارت مرتب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ برقیات اور انتظامیہ بجلی کی متواتر سپلائی فراہم کرنے میں ناکام رہی ۔

