مالیگاؤں : نئی حج پالیسی میں ترمیم اورغیرضروری شرائط کے خاتمہ کے لئے مالیگاؤں شہر کے شفیق احمد نامی حاجی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے، جس کی سماعت پانچ جنوری سے شروع ہوگی۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قرعہ اندازی کا مرحلہ فوراً روکا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ چارمرتبہ فارم بھرنے والوں کا کوٹہ بھی بحال کیا جائے۔ اسی طرح 8 سے 15 جنوری کے درمیان سینٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ہونے والی قرعہ اندازی پرروک لگانےکا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
مہاراشٹر سے تقریباً 4 ہزار حاجی ایسے ہیں جو مسلسل چار سالوں سے حج فارم بھر رہے ہیں۔ انہیں یہ امید تھی کہ اس سال سفر حج کا موقع مل جائے، مگرحکومت کی جانب سے کسی نوٹس کے بغیرقانون میں ترمیم کی وجہ سےانہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اوران کا کہنا ہے کہ ان کا یہ حق ہے کہ انہیں کسی قرعہ اندازی کے بغیر حج پر روانہ کیا جائے ۔ اسی لئے مالیگاؤں شہر کے شفیق احمد نے کچھ اہل خیر حضرات کی مدد سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے ۔
