بڈگام :بیروہ بڈگام میں شبانہ آتشزگی کے دوران پولیس اسٹیشن کی عمارت خاکستر ہوئی ۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس اسٹیشن کے ایک کمرے سے اچانک آگ کی لپٹیں نمودار ہوئیں ،جس نے تیزی کے ساتھ پولیس اسٹیشن کی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا ۔
اطلاعات کے مطابق پیر اورمنگل کی شب بیر وہ بڈگام میں اُس وقت خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ،جب پولیس اسٹیشن کی عمارت کے ایک کمرے سے آگ کے شعلے نمودار ہوئے ۔اس موقع پر فائر اینڈ ایمر جنسی عملے کو مطلع کیا گیا اور اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے کی نصف درجن سے زیادہ گاڑیاں یہاں پہنچی ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے بروقت کارروائی کی اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا اور اسے مزید پھیلنے سے بچالیا ۔تاہم اطلاعات کے مطابق آگ کی اس واردات میں بیر وہ بڈگام میں واقع پولیس اسٹیشن کی عمارت مکمل طور پر خاکستر ہوئی ۔
آگ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ۔
