سرینگر: چلہ کلان کی آمد تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے بیچ ریاست کے تینوں خطوں کشمیر ،جموں اور لداخ میں سردی کا راج برقرار ہے ۔خطہ لداخ ریاست کا سرد ترین علاقہ بنا ہوا ہے ،جہاں پر رات کے درجہ حرارت میں مسلسل گراﺅٹ ریکارڈ کی جارہی ہے جسکی وجہ سے یہاں آبی ذخائر منجمد ہورہے ہیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ لداخ کے کرگل میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات سیز ن کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ،یہاں کم ازکم درجہ حرارت منفی14.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ،جوکہ رواں موسم سرما کا سب سے کم درجہ حرارت اب تک ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ سرد لہر 22دسمبر تک جاری رہے گی ،محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ لداخ کے لہیہ میں کم ازکم درجہ حرارت منفی11ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔دن اور رات کے درجہ حرارت میں مسلسل آرہی گراﺅٹ کے سبب اہلیان وادی نے آنے والے شدید ایام کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے کمر کس لی ہے ۔یاد رہے کہ 21دسمبر سے وادی کشمیر میں 40روزہ شہنشاہ ِ زمستان ’چلہ کلان ‘ کی مدت شروع ہوجائیگی ،یہ مدت31جنوری کو ختم ہوگی ۔21 دسمبر سے31جنوری تک 40دنوں تک رہنے والے چلہ کلان میں عمومی طور پر سردی کے ریکارڈ قائم ہوتے رہے ہیں۔ اس موسم میں پانی کی سطح جم جانے کے علاوہ نل بھی جم جاتے ہیں اورسردی اپنے شباب پر ہوتی ہے۔
چلہ کلان کے بعد چلہ خ±رد کے20دن اور چلہ بچہ کے10دن بھی ہوتے ہیں اور یہ فروری کے آخر تک شدید سردی کے تین مرحلے ہوتے ہیں۔اسی موسم میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے اور بارش کے علاوہ برف باری بھی ہوتی ہے اور شدید سردی کی لہر نہ صرف شہر سرینگر بلکہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی جاری رہتی ہےں۔
چلہ کلان کی سردی کا مقابلہ کرنے کے لئے گرم ملبوسات ،کانگڑیاں اور گیس بخاریوں اور سوکھی سبزیوں کا ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
اس موسم میں کشمیر کے لوگوں کے کھانے کے انداز بھی بدل جاتے ہیں۔ جہاں گرم پانی کا زیادہ استعمال ہوتا ہے وہاں ایسی سبزیاں بھی تیار کی جاتی ہیں جوگرمیوں کے دنوں میں سکھاکراِسی موسم کےلئے رکھی جاتی ہیں۔
وادی میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مسلسل کمی ہورہی ہے جس کے نتیجے میں شمال و جنوب میں سردی کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم ازکم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام اور گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت بالترتیب منفی5.3ڈگری اورمنفی6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
خطہ جموں کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے جو تفصیلات فراہم کی ،اُس کے مطابق جموں میں شہر میں کم ازکم درجہ حرارت 7.7ڈگری ،کٹرا میں 9.5ڈگری ،بٹوت میں 5.1ڈگری ،بانہال میں منفی0.2ڈگری ،بھدروارہ اور ادھمپور میں 4.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

