ترال:جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں ہفتہ کی صبح اُس وقت سرا سیمگی پھیل گئی جب ایک غیر مقامی جنگجو کی نعش برآمد ہوئی ۔ مہلوک جنگجو کی نعش کے ساتھ ایک خط تھا ،جس میں تحریر کیا گیا تھا کہ یہ کسی شہری یا مخبر کی نعش نہیں بلکہ عسکری تنظیم جیش محمد سے وابستہ جنگجو کی ہے ،جو جنگل میں حادثاتی طور پر بارودی سرنگ دھماکے میں جاں بحقہوا ہے ۔ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید کے مطابق مذکورہ مہلوک جنگجو ہندورہ ترال میں بارودی سر نگ کے ایک دھماکے میں ازجان ہوا۔ دریں اثناءترال میں ہفتہ کو جاں بحق جنگجو کی یاد میں بند رہا
جنوبی قصبہ ترال کے عید گاہ میں ہفتہ کی علی الصبح ایک غیر مقامی جنگجو کی نعش دیکھی گئی ،جسکے نتیجے میں یہاں سرا سیمگی پھیل گئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق مہلوک جنگجو کی نعش کچھ افراد نے مسجد میں نماز ِفجر ادا کرنے کے بعد دیکھی ۔علاقے میں جونہی یہ خبر پھیل گئی کہ عید گاہ ترال میں ایک غیر مقامی جنگجو کی نعش ہے ،تو پولیس وفورسز کی ایک بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی ،جنہوں نے نعش کو اپنی تحویل میں لیا۔
رپورٹس کے مطابق مہلوک جنگجو کی نعش کے ساتھ ایک خط تھا ،جس میں تحریر کیا گیا تھا کہ یہ کسی شہری یا مخبر کی نعش نہیں بلکہ عسکری تنظیم جیش محمد سے وابستہ جنگجو کی ہے ،جو جنگل میں حادثاتی طور پر بارودی سرنگ دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے ۔خط میں لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ اسکی فوری تدفین عمل میں لائی جائے ۔
خط میں مہلوک جنگجو کی شناخت عمر بھائی ساکنہ پاکستان کے بطور کی گئی ۔دریں اثنا ءپولیس کے ایک سینئر افسر کا کہناتھا کہ ہفتہ کی صبح لوگوں کی جانب سے اُنہیں ایک اطلاع ملی کہ عید گاہ ترال میں ایک شخص کی نعش ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور قانونی ودیگر لوازمات پُر کرنے کےلئے نعش کو اپنی تحویل میں لیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو ہندورہ ترال کے جنگلات میں ایک دھماکے میں ازجان ہواتھا ۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے ٹویٹر پر اسکی تصدیق کرتے ہوئے تحریر کیا کہا ۔ہندورہ ترال میں جنگجو کی ایک کمین گاہ کے نزدیک بارودی مواد پھٹنے سے جیش محمد کا ایک غیر مقامی جنگجو ازجان ہوا ،جسکی نعش پولیس نے برآمدکی۔
دریں اثناءترال میں ہفتہ کو جاں بحق جنگجو کی یاد میں بند رہا ۔معلوم ہوا ہے کہ قصبہ میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے ،جسکی وجہ سے یہاں معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

