رام بن میں بھاری عوامی اجتماع سے خطاب،کہا مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کرنا ہندوستان دشمنی نہیں ہے
https://www.facebook.com/TameelIrshaad/videos/2180440008887920/?t=0
رام بن//17جنوری:عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ انکی پارٹی ہی ریاستی عوام کو دستیاب وہ سیاسی متبادل ہے کہ جو پوری ریاست کے لوگوں کی سچی اور سنجیدہ ترجمانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی بیشتر سیاسی پارٹیاں عرصہ سے لوگوں کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے وہ اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کو ریاست کے طول و ارض میں پہنچنے سے روکتی آرہی ہیں۔آج یہاں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ نہ کشمیر مسئلہ کے حل کی بات کرنا کسی کو فرقہ پرست بناتا ہے اور نہ وی آئی پی کلچر ، کنبہ پروری اور خاندانی راج کے خلاف بولنا ہی کوئی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی ایجنسی کی نہیں بلکہ خود کشمیریوں کی صوابدید پر ہونی چاہیئے کہ وہ آخر کیا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی مذہب یا علاقہ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس نے ریاست کے ہر ہر شخص کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے جبکہ اسکا حل پوری ریاست میں ترقی کے ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہوسکتا ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ یہ بی جے پی ،کانگریس اور انکے کٹھ پتلی ہیں کہ جو مسئلہ کشمیر میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ اس مسئلہ کے حل کے فوائد پر بات تک کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی کے پاس ان دعؤوں کو ثابت کرنے کیلئے کچھ ٹھوس نہیں ہے کہ جموں کشمیر کو قومی یا بین الاقوامی سطح پر مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونے کے راستے پر ڈالا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات کس حد تک بدقسمتی اور افسوس کی ہے کہ نئی دلی سات دہائیوں میں جموں اور سرینگر کے درمیان چار گلیاروں والی شاہراہ تک تعمیر نہیں کراسکی ہے جبکہ چناب ویلی کے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم اور کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیںجس سے نئی دلی کی نیت اور منصوبے بے نقاب ہوجاتے ہیں۔انجینئر رشید نے اس موقعہ پر لوگوں سے عوامی اتحاد پارٹی کو ایک متبادل کے بطور تسلیم کرکے اسکا ساتھ دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے رام بن کے جانے مانے صحافی اور سماجی کارکن عارف وحید کومنڈیٹ دیا ہے لہٰذا لوگوں کو انہیں بھرپور ووٹ دیکر اسمبلی میں بھیجدینا چاہیئے کیونکہ وہ پہلے سے ہی اپنے علاقہ کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کرتے رہے ہیں۔اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈر طارق رشید نے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے عوامی اتحاد پارٹی کو ایک موقعہ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ پارٹی کوئی سمجھوتہ کئے بغیر لوگوں کی سچی ترجمانی کرکے انکا حق ادا کرنے کی کوشش کرے گی۔پارٹی کے ضلع صدر رام بن اور آئیندہ انتخابات کیلئے امیدوار عارف وحید نے اپنی تقریر میں کہا کہ چناب ویلی کے لوگ عوامی اتحاد پارٹی کے مشن کو ہر دروازے تک لیجانے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی کسی امتیاز اور اپنے اصولو ں پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر سماج کے ہر طبقہ کی خدمت کرنے میں یقین رکھتی ہے۔

