مرکز اور نیشنل میڈیا کشمیر یوں کے جذبات اور احساسات کو سمجھنے میں ناکام ہوچکا ہے
سرینگر /17جنوری /سی این آئی/ آئی پی ایس بسنت رتھ نے کہا ہے کہ مرکزنے کشمیریوں کے جذبات اور ان کے احساسات کو جاننے کی کبھی بھی کوشش نہیں کی ہے اور نیشنل میڈیا کشمیرکو غلط طریقے سے پیش کررہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کشمیری ’’سنگباز‘‘ہمارے اپنے ہیں ہم ان سے لاتعلقی اختیار نہیں کرسکتے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق آئی پی ایس بسنت رتھ سابق آئی جی پی ٹریفک نے کہا ہے کہ کشمیر ایک تاریخ ہے جس کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کے احساسات اور جذبات کی قدر کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمارے اپنے لوگ ہیں جن کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے نہ کہ ان کے زخموں کی کریدا جائے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کو اگر ہمارے سسٹم سے شکایت ہے تو اس کاازالہ کرنا چاہئے نہ کہ ان کو اپنے حال پر چھوڑا جادیا جائے۔ آئی پی ایس بسنت رتھ انڈیا ٹوڈے مائنڈ راکس کی ایک تقریب میں بول رہے تھے۔ انہوںنے نیشنل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل میڈیا کشمیر کے ’’کورایشو‘‘مسئلے کو سمجھنے میں ناکام ہوگیا ہے اور کشمیر کی صورتحال کو غلط رنگ میں پیش کررہا ہے جس کی وجہ سے کشمیراور بھارتی لوگوں کے مابین دوریاں پیدا ہوتی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر ایک تاریخ ہے جس کو جھٹلا یا نہیں جاسکتا ہم کو کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی قدر کرنے چاہئے ان کی آواز کو سننا چاہئے ان کے درد کو محسوس کرنا چاہئے وہ کاچاہتے ہیں اس پر ہمدردانہ غور کرنا چاہئے ۔ سابق آئی جی پی نے کشمیری نوجوانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی جتاتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان بہت ہے خوش خلق اور پیار و محبت دینے والے ہیں انہوںنے ہمیںبہت پیار دیا سچ مانو تو میں نے کشمیر ی نوجوانوں کے بیچ کبھی بھی اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’سنگباز‘‘ہمارے اپنے ہیں ہمیں ان سے لاتعلقی کااظہار نہیں کرنا چاہئے بلکہ یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ پتھر اُٹھانے پر مجبور کیوں ہورہا ہے ۔ بسنت رتھ نے ایک مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک کنبے میں رہنا والا بیٹا اپنے باپ سے ناراض ہوتا ہے باپ بیٹے سے ناراض ہوتا ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیںکہ باپ بیٹے سے لاتعلق ہوجائے ۔اسی طرح کشمیری نوجوانوں کو سرکار سے کچھ ناراضگی ہوسکتی ہے لیکن سرکار کو ان کے خلاف سختی برتنی نہیں چاہئے ۔ ہم اگر ان کو مارتے ہیں تو ہم اپنے ہی لوگوں کا خون بہاتے ہیں ۔بسنت رتھ نے کہا کہ کشمیر میں لوگوں اور سیاست دانوں و بیروکیٹوں میں کافی فاصلہ ہے بیروکریٹ اور سیاست دان زبان سے کہتے کچھ اور ہیں اور زمینی سطح پر کرتے کچھ اور ہیں ۔ ان کے ساتھ بار بار دھوکہ ہوا ہے اور ان کے ساتھ کافی زیادتیاں ہورہی ہیں جس طرف دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔ بسنت کمار رتھ آئی پی ایس (2000)کو گذشتہ برس ماہ نومبر 2018میںتبدیل کرکے کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈ /سیول ڈیفنس /کے ساتھ منسلک کیاگیا تھا۔
