برف باری کے باوجو گورودواروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام
سرینگر5جنوری/سی این ایس/ وادی میں مقیم سکھ برادری نے ہفتہ کو گوروگوبند سنگھ جی کا352واں جنم دن ’گوروپورب‘ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جس کے دوران برف باری کے باوجود وادی بھرکے گورودواروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ سی این ایس کے مطابق سکھ مذہب کے 10ویں گُرو اور خالصہ پنتھ کے بانی گُرو گوبند سنگھ جی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں ہفتہ کو گوردواروں میں شبد کیرتن کی محفلیں آراستہ اور دن بھرخصوصی مجالس کا انعقاد ہوا جس میں سکھ مذہب سے وابستہ لوگوں نے حصہ لیا۔ برفباری کے باوجود سکھ برادری سے وابستہ لوگوں نے پیدل سفر کرکے گورودوار پہنچنے۔گورودواروں پر علی الصبح سے ہی مردوزن،بوڑھوں اور بچوں کی بڑی تعدادکی موجودگی کے پیش نظرغیر معمولی گہما گہمی اور جوش و خروش نظر آیا۔اس دوران شبد کیرتن اور دیوان بھی منعقد ہوئے جبکہ ان تقریبات میں حصہ لینے والے لوگوں کے لئے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ برفباری کے بیچ سب سے بڑی تقریبات پائین شہر کے کاٹھی دروازہ علاقے میں قائم گورودوارہ چھٹی پادشاہی ،جواہر نگراور باغات سرینگر میں منعقد ہوئیں۔یہاں سکھ فرقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا اور گورو گرنتھ کے پاٹ پڑھے گئے جبکہ دن بھر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے حاضری دے کر ماتھا ٹیکا۔اسکے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں قائم گورودواروں میں بھی گورو پورب کی نسبت خاص تقریبات منعقد ہوئیں۔بارہمولہ میں گوروپورب کے سلسلے میں ضلع کی سب سے بڑی تقریب گورودوارہ چھٹی پادشاہی توحید گنج اولڈ ٹاؤن میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ مردوزن کا تانتا بندھا رہا اور شبد کیرتن کا سلسلہ پورا دن جاری رہا۔ضلع کے سنگھ پورہ اور اوڑی کے علاوہ کپوارہ اور رفیع آباد کے کئی علاقوں میں گوروپورب کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اسی طرح کی تقریبات امیراکدل ، پٹن، اننت ناگ، شوپیان اور دیگر گوردواروں میں بھی منعقد ہوئیں جن میں شرکت کرنے والوں لوگوں کیلئے قیام وطعا م کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ جموں سے سی این ایس کے نمائندے نے اس بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ جموں شہر کے تمام گردواروں کو خصوصی طور سجایا گیا تھا اور صبح سے سکھ فرقے سے وابستہ لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد گردواروں میں بجھن کیرتن اور پوجاپاٹ کیلئے جاری تھی ۔اس نمائندے کے مطابق پورے شہر میں اس سلسلے میں زبردست چہل پہل اور دھوم دھام تھی ۔ جموں خطے کے دوسرے علاقوں میں بھی گُرو گوبند سنگھ کے جنم دن کی تقریبات عیقدت و احترام کے ساتھ منائی جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی دوسری اور ریاستوں میں بھی گروگوبند سنگھ جی کا جنم دن جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔ جبکہ دلی ، پنجاب و دوسری ریاستوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئی۔

