تین افراد کی حالت ہسپتال میں نازک، علاقے میں کہرام
سرینگر/28دسمبر/سی این آئی/ شمالی کشمیر کے پٹن قصبہ میں دوران شب دم گھٹنے کی وجہ سے چار افراد بے ہوش ہوگئے جن میں سے ایک دم توڑ بیٹھا اور دیگر تین افراد کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن میں گنجی پورہ بران نامی گائوں میں اُس وقت کہرام مچ گیا جب ایک ہی کنبے کے چار افرادکو اپنے کمرے میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا جس میں سے ایک شخص لقمہ اجل بن گیا ۔ سردی کی شدت سے بچنے کیلئے گیس ہیٹر چال رکھنے کی وجہ سے ایک ہی کمرے میں سوئے ہوئے چارافراد کو گھر کے دیگر افراد خانہ جب صبح اُٹھانے کی غرض سے ان کے کمرے میں گئے تو ان میں سے کسی نے واپس آواز نہیں دی جس کے ساتھ ہی افراد خانہ نے آس پاس کے پڑوسیوں کو بلا یا اور ان کو بے ہوشی کی حالی میں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان میں سے ڈاکٹروں نے ایک کم عمر لڑکے 13سالہ ہارون رشید ولد عبدالرشید ساکنہ گنجی پورہ بران پٹن کو مردہ قراردیا جبکہ دیگر تین افراد کو فوری طورپر سرینگر صورہ منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ اس حوالے سے بلاک میڈیکل آفیسر پٹن کے مطابق چار افراد کو اْن کے اسپتال میں لایا گیا جو بے ہوشی کی حالت میں تھے۔دیگر بے ہوش افراد کی شناخت بلال احمد اور دانش کے بطور ہوئی ہے جبکہ فوری طور پر چوتھے شخص کا نام معلوم نہ ہوسکا۔اس واقع کے بعد علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی اور لوگ جوق درجوق جائے واردات پر پہنچ گئے ۔ واضح رہے کہ وادی میں سخت سردی شروع ہونے کے ساتھ ہی آج تک کئی ایسے واقعات پیش آئے جس میں گرمی کیلئے دوران شب کمرے میں ہیٹر یا بخاری چالو رہنے کی وجہ سے کئی افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ اس دوران ماہرین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ دوران شب گرمی سے بچنے کیلئے جس کمرے میں ہیٹر یا گیس بخاری چالو رکھی جائے اُس کمرے میں ہوا کے آنے جانے کیلئے کھڑی کا کچھ حصہ کھلا رکھنا چاہئے تاکہ کمرے میں ہیٹر یا بخاری سے خارج ہونے واہے زہریلے گیس کااخراج ممکن ہوسکے ۔
