سرینگر؍16 دسمبر : مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے سوموار کے روز بادامی باغ چلو کی کال کے بیچ دفاعی ترجمان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کال پر کان نہ دھریں۔ دفاعی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عام لوگ فوج کو ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں اور پاکستان علیحدگی پسند وں کے منصوبوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جے کے این ایس کے مطابق سرنو پلوامہ میں سات عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد مزاحمتی قیادت نے بادامی باغ چلو کال دی تھی جس کے بعد شہر سرینگر میں سیکورٹی کا از سرنو جائزہ لیا گیا ۔ دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مزاحمتی قیادت کی جانب سے بادامی باغ چلو کال کو لوگ مسترد کریں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور علیحدگی پسند تنظیمیں لوگوں کو فوج کے خلاف اُکسا رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق وادی کے لوگ فوج کو ہر سطح پر تعاون دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستانی ایجنٹ پریشان ہو گئے ہیں اور وہ حالات کو درہم برہم کرنے کیلئے اس طرح کی چلو کالیں دے رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق فوج ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں حالات کو معمول پر لانا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کی ہلاکت پر فوج کو افسوس ہے اورایسا نہیں ہونا چاہئے تھا تاہم فوجی چھاونی کی طرف پیش قدمی کرنے کی بھی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
