معمول کی زندگی متاثر ،آنے والے مزید دو دنوں تک بارشیں اور برفباری کے امکانات /محکمہ موسمیات

Tameel Irshad File Picture

ٹنل کے آر پار بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں

سرینگر/12دسمبر: ٹنل کے آر پار دوسرے روز بھی شدید سردی کی لہر کے بیچ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ۔ شہر سرینگر میں دن بھر اسمان پر بادل چھائے رہیں تاہم وادی کے دیگر اضلاع میں جم کر بارشیں ہوئی۔ اسی دوران وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد تاریخی مغل شاہراہ سمیت نصف درجن شاہراؤں پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کی گئی تاہم سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بنا کسی خلل کے جاری رہی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آنے والے مزید دو دنوں تک بارشیں اور برفباری کی پیشن گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی میں گزشتہ تین دنوں سے دھوپ چھاؤ کے بیچ غیر یقینی موسمی صورتحال جاری ہے ۔ بدھ کی اعلیٰ صبح وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر تازہ برفباری ہوئی ۔بدھ کو دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کے نتیجے میں عام اور کاروباری زندگی پر اثر پڑا ، شہر سرینگر میں اگرچہ مطلع آبر الو رہا اور بیچ بیچ میں رم جم کی بارشیں ہوئی تاہم۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ہے تاہم کسی بھی میدانی علاقے سے برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ہے۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئی ، ۔اس دوران سونہ مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں ، پہلگام ، مڑھل ، ٹیٹوال ، گریز ،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ پہلگام ،آڑو، چندن واڑی ،سونہ مرگ ،زوجیلا ، گگن گیر ،گنڈ ،یوسمرگ ،افروٹ ،سادھنا ٹاپ ،فرکیاں گلی ،میلیال ،مڑھل اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اوسطاً ایک سے تین فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔گلمرگ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ کی اونچی پہاڑیوں اور میدانوں میں تازہ برفباری سے سیاحوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ شب کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف گری ہے جبکہ آس پاس کے اونچائی والے علاقوں میں اس سے بھی زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ادھرسرحدی قصبہ اوڑی کے چھو لاں ،زمبور پٹن ،کلسا،نامبلہ ،گھر کوٹ ،چوٹالی ،ددرن ،میدانن ،لچھی پورہ ،مائین ،براری پورہ ،ترکانجن اور ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔شوپیان سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جم کر برفباری ہوئی۔اہر بل ،سیدھو ، ہیر پورہ اور پیر کی گلی میں بھاری برفباری کی اطلاع ہے۔سرحدی علاقوں میں تازہ برفباری سے متعدد سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردی گئی ہیں۔بانڈی پورہ سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گریزسیکٹر میں بھی بھاری برفباری ہوئی جبکہ شمالی کشمیر میں واقع لائن آف کنٹرول کے بیشتر سیکٹروں میں بھی جم کر برفباری ہوئی ہے۔ اْدھر جواہر ٹنل کے اْس پار پیر پنچال پہاڑی سلسلے کے ساتھ ساتھ بدھل راجوری ، گلبرگ، مہور، بھدرواہ،ڈوڈہ، کشتواڑ، چھاترو، مڑوا، دچھن اور بنی کے علاوہ ویشنو دیوی مندر کی مضافاتی پہاڑیوں پر تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا تازہ سلسلے کے بیچ جہاں ایک طرف معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی، وہیں دوسری جانب رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں مزید دو دنوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

Share This Article