بنگلہ دیش نے شکیب الحسن اور مستفیض الرحمٰن کی بہترین باؤلنگ کی بدولت کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کے 8 بلے بازوں کو268 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے۔
کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں 129 رنز کی برتری کے جواب میں کھیل کا آغاز کیا تو بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنالیے تھے۔
بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی مہدی حسن میراز نے دن کے آغاز میں ہی دلا دی، پہلے میچ میں سنچری بنانے والے اپل تھرنگا 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کرونارتنے اور مینڈس نے اچھی شراکت کی اور اسکور کو 143 رنز تک پہنچادیا مگرمینڈس 36 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
مستفیض الرحمٰن نے چندی مل کو 5 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ کرکے ایک اور اہم کامیابی حاصل کی۔
گنارتنے نے سری لنکا کی جانب سے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز بنائے اور176 کے مجموعے پر شکیب الحسن نے انھیں بھی آؤٹ کردیا۔
کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کے سرنگا لکمل اور بنگلہ دیش کے فیلڈر صابررحمٰن کے درمیان جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تاہم کپتان مشفق الرحیم نے معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 8 وکٹوں پر 268 رنز بنائے اور انھیں میچ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
آخری گیند پر اس وقت دلچسپ صورت حال سامنے آئی جب بنگلہ دیش نے سرنگا لکمل کے خلاف اپیل کی تو پاکستانی امپائر علیم ڈار نے آؤٹ دینے سے انکار کیا تاہم ان کے انداز سے غیرمطمئن بنگلہ دیش نے فیصلے کو چلینج کیا جہاں علیم ڈار کا فیصلہ برقرار رہا۔
دلروان پریرا 26 اور سرنگا لکمل 16 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور مستفیض الرحمٰن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے سری لنکا کے پہلی اننگز میں 338 رنز کے جواب میں شکیب الحسن کی شاندار سنچری کی بدولت 467 رنز بنا کر 129 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

