سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات دوسرے دن بھی معطل

By
2 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سری نگر ، وادی کشمیر میں وسطی کشمیر کے سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان جنوبی کشمیر کے راستے سے چلنے والی ریل خدمات ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ تاہم سری نگر اور شمالی کشمیر کے درمیان ریل خدمات کو بحال کیا گیا ۔

سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات ظاہری طور پر جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک مقامی جنگجو کی ہلاکت کے پیش نظر معطل رکھی گئی ہیں۔ محکمہ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کو آج (ہفتہ کے روز) بھی معطل رکھا گیا ہے۔

تاہم سری نگر اور بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات کو بحال کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ریل خدمات کی معطلی اور بحالی کے فیصلے ریاستی پولیس کے مشورے پر لئے جاتے ہیں۔ پولیس کی طرف سے گرین سگنل ملنے پر ریل خدمات کو کلی طور پر بحال کیا جائے گا‘۔

یاد رہے کہ کہ جمعہ کو وادی بھر میں ریل خدمات معطل رکھی گئیں۔ یہ خدمات ظاہری طور پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے ریسرچ اسکالر سے جنگجو بننے والے منان بشیر وانی کی ہلاکت کے خلاف دی گئی ’بند‘ کی کال کے پیش نظر معطل رکھی گئی تھیں۔
یو این آئی

Share This Article