وادی بھر میں پہیہ جام وشٹر ڈائون ہڑتال
شمال وجنوب میںمعمولات زندگی مفلوج ،ریل سروس معطل ،موبائیل انٹر نیٹ خد مات بند
سری نگر:٧،جولائی :کے این این/ دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کی 2قریبی رفقاء سمیت دلی منتقلی کے خلاف وادی کے اطراف واکناف میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون احتجاجی ہڑتال رہی ۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کے باعث شہر ودیہات میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ۔اس دوران ہڑتال اور امکانی احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس معطل رہی جبکہ امتحانات کو ملتوی کیا گیا ۔یاد رہے کہ آسیہ انداربی کو دو رفقاء سمیت جمعہ کے روز خفیہ طور دلی منتقل کیا گیا ،جہاں قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) نے تینوں کو پٹیالہ ہائوس کورٹ کی خصوصی عدالت میں پیش کرکے 10روزہ ریمانڈ حاصل کیا ۔کشمیر نیو ز نیٹ ورک کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کی 2 قریبی رفقاء فہمیدہ صوفی اورناہدہ نصرین کودہلی منتقلی کے خلاف دی گئی ہڑتال کال کے باعث کشمیر وادی میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ۔تمام10اضلاع سرینگر ،بڈگام ،گاندر بل ،پلوامہ ،کولگام ،شوپیان ،اننت ناگ ،بانڈی پورہ ،کپوارہ اور بارہمولہ میں ہر طر ح کے دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز ،سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے مکمل طور پر غائب رہا ۔ہمہ گیر ہڑتال سے شمال وجنوب اور وسطی کشمیر میں ہو کا عالم رہا ۔دارلحکومت سرینگر سمیت تمام ضلع صدرو تحاصیل مقامات پر سڑکیں اور بازار ویران وسنسان نظر آرہے تھے ۔امکانی احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی ۔حسا س علاقوں میں دن بھر فورسز اہلکاروں کو گشت جاری رہا جگہ جگہ ناکے لگائے گئے اور درجنوں علاقوں میں لوگوں کی نقل وحرکت کو روکنے کیلئے خا ردار تاروں کااستعمال کیا ۔اس دوران ہڑتال کی کال کے پیش نظر وادی میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات ہفتہ کے روز معطل کردی گئیں۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ وادی میں ریل خدمات ہڑتال کال کے پیش نظر احتیاطی طور پر معطل کی گئی ہیں۔ حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر برہان مظفر وانی کی دوسری برسی جو 8جولائی کو منائی جارہی ہے، کے پیش نظر ریل خدمات اتوار کو بھی معطل رہیں گی۔ محکمہ ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا ’ہم نے آج (ہفتہ کے روز) چلنے والی تمام ریل گاڑیاں معطل کردی ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر سے براستہ جنوبی کشمیر جموں خطہ کے بانہال تک کوئی ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ ادھر فسٹ ٹرم کے تحت آٹھویں جماعت لئے جانے والے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ۔غور طلب بات یہ ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے( نے جمعہ کے روز سرینگر کی سینٹرل جیل میں مقید دختران ملت کی سربراہ اور اُن کی 2 قریبی رفقاء فہمیدہ صوفی اورناہدہ نصرین کو نئی دہلی منتقل کیا جہاں پٹیالہ ہاوس کورٹ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے تینوں کو10 روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ گزشتہ برس اگست کے مہینے میں7حریت لیڈروں اورایک کشمیری تاجرسمیت10افرادکوگرفتارکرنے کے بعداین آئی اے کی ایک ٹیم نے سری نگرمیں اچانک کارروائی عمل میں لاکردُختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو2قریبی رفقاء فہمیدہ صوفی اورناہدہ نصرین سمیت اپنی تحویل میں لینے کے بعدجمعہ کی صبح سری نگرسے نئی دہلی منتقل کیا۔مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے ایک بیان میںقومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )کے ہاتھوں خاتون مزاحمتی راہنما سیدہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو سینئر ساتھی فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نصرین کو گرفتار کرکے دہلی منتقل کرنے کی کا رروائی کو بزدلانہ کارروائی سے تعبیر کیا ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے عملائی گئی ایسی انتقام گیر پالیسیوں کو جذبۂ آزادی سے سرشار ریاستی عوام کے غیرت اور حمیت کو للکارنے کے مترادف قرار دیا۔ مزاحمتی قیادت نے جموں کشمیر کی حریت پسند خواتین راہنماؤں کے خلاف روا رکھی گئی سینہ زوری اور فسطائیت کے خلاف 7جولائی سنیچر مکمل ہڑتال کے ذریعے مہذب دنیا کے سامنے اپنا پُرامن احتجاج درج کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا’ ہماری مخلص خواتین راہنماؤں کو دہلی کے تہاڑ جیل میں عمر بھر کے لیے قیدوبند کی صعوبتوں میں مبتلا رکھنے کی شرمناک سازشیں کشمیری قوم کے لیے قابل قبول نہیں ہوسکتیں۔‘سہ پہر 4بجے سے سرینگر سمیت وادی بھر میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات معطل کی گئیں ۔

