پرانے بس اڈے میں ملی مستقل جگہ:بازارکانام رکھا’بسمہ اللہ مارکیٹ‘
سوپور:۴،جولائی :/ کشمیروادی کے مصروف ترین قصبہ سوپورمیں ٹریفک جام اوربھاری رش کاسدباب کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے سڑک کناروں ،چوراہوں اورنکڑوں پربیٹھے والے چھاپڑی فروشوں اورریڈی والوں کوایک مستقل جگہ فراہم کردی ،اوراس طرح سے چھاپڑی فروشوں کی جدوجہدبھی رنگ لائی۔کے این این کے مطابق سوپورقصبہ کے مختلف بازاروں میں جگہ جگہ چھاپڑی فروشوں کی موجودگی ایک دیرینہ مسئلہ رہی ہے کیونکہ ان کی موجودگی کے نتیجے میں ٹریفک جام کی صورتحال پیداہونے کیساتھ ساتھ راہگیروں بشمول طلاب کوآنے جانے میں سخت مشکلات کاسامناکرناپڑتاتھا۔اقبال مارکیٹ اورسوپوربس اڈے کے گردونواح میں چھاپڑی فروشوں کی بھرمارایک بڑامسئلہ بن چکی تھی اورمقامی انتظامیہ نے اس مسئلے کاحل نکالنے کیلئے آج تک کئی تدابیراپنائیں اورکئی طرح کے اقدامات بھی اُٹھائے لیکن یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔کبھی پولیس کے اہلکارتوکبھی میونسپل کونسل کے ملازمین چھاپڑی فروشوں کوہٹانے کیلئے نکل آتے تھے ۔باربارکی ایسی تنگ طلبی کیخلاف چھاپڑی فروش صدائے احتجاج بھی بلندکرتے رہے ،اورانہوں نے مستقل جگہ فراہم کرنے کیلئے سیول اورپولیس حکام سے کئی مرتبہ رجوع بھی کیا۔اس دیرینہ مسئلے کاحل نکالتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسوپورعاشق حسین ،تحصیلدارسوپور،ایس ڈی پی اؤسوپور،نائب تحصیلداراورایس ایچ اؤنے باہمی صلاح مشورے کے بعدچھاپڑی فروشوں کواپنی کاروباری سرگرمیاں بغیرخلل جاری رکھنے کیلئے پرانے بس اڈے میں مستقل بنیادپرجگہ فراہم کرنے کافیصلہ لیا۔چھاپڑی فروشوں نے یہ شرط رکھ دی کہ کل کواُنھیں اس جگہ سے بیدخل نہ کیاجائے ۔بدھ کے روزپرانے بس اڈے میں اس حوالے سے ایک تقریب منعقدہوئی ،اوراس دوران سیول وپولیس حکام ،سوپورکے تاجران کی تنظیم کے نمائندے اورسیول سوسائٹی سے وابستہ سرکردہ افرادبھی موجودتھے ۔اس موقعہ پرپرانے بس اڈے سوپورمیں چھاپڑی فروشوں کیلئے مخصوص’بسمہ اللہ مارکیٹ‘کاافتتاح کیاگیا۔

