بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ،تاہم موسمی صورتحال بہتر بھی ہوگی
سری نگر:۴،جولائی :کے این این/ مون سون کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ وادی کشمیر میں سیلابی خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے ۔بھارتیہ محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے ،تاہم آنے والے دنوں میں موسمی صورتحال میں بہتری آنے کی امید ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک (کے این این ) کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بھارتیہ محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے کہا کہ وادی کشمیر میں اگلے چند روز کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ،تاہم وادی کشمیر میں اب سیلابی خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے ۔تازہ مون سون کا سلسلہ منگلوار کو شروع ہوا ،جو بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ۔شہر سرینگر سمیت وادی کے شمال وجنوب میں بارشیں ہوئیں جبکہ اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں ۔سرینگر میں بدھ کی صبح ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہا ۔وادی کشمیر کے تمام میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں ،تاہم چند ایک مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہوئیں ۔بارشوں کا سلسلہ لگاتا ر کئی گھنٹوں تک جاری رہا ،جو بعد ازاں تھم گیا ،لیکن یہ سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ۔اطلاعات کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔اس بیچ محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے کیو نکہ گزشتہ دوروز کے دورن موسمی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں بدھ کو مجموعی طور پر موسمی صورتحال بہتر رہے گی جبکہ آئندہ چند روز میں اس میں مزید بہتری کا قوی امکان ہے ۔تاہم انہو ں نے واضح کیا کہ اس دوران چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ مجموعی طور پر جمعرات سے موسمی صورتحال میں بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر وادی مون سون سیزن سے باہر آچکی ہے تاہم مون سون سیزن میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے ،لیکن پیش گوئی کے مطابق سیلاب کا اب کوئی خطرہ نہیں ہے ۔دوروز تک مطلع خشک رہا جبکہ اس دوران دھو پ بھی نکل آئی ،تاہم منگل کے روز شروع ہوئے تازہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور یہ بدھ کو بھی جاری رہا ۔اس دوران محکمہ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر میں سیلابی الرٹ ختم ہوچکا ہے ،کیو نکہ دریائے جہلم اور اسکی معاؤن ندی نالوں میں سطح آب مسلسل نیچے آرہی ہے ۔محکمہ اری گیشن و فلڈ کنٹرول کے مطابق سہ پہر تین بجے تک دریائے جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح 9.65فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ رام منشی باغ کے مقام 12.02اور عشم کے مقام 9.0فٹ ریکارڈ کی گئی ۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں دریائے جہم اور اسکی معاؤن ندی نالے خطرے کے نشان سے اُوپر بہہ رہے تھے ،جسکے بعد سیلابی الرٹ جاری کیا گیا تھا ۔ وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر میں کئی علاقہ جات زیر آب آگئے اور کئی کنبوں کو نقل مکانی بھی کرنی پڑی تھی ۔اب بھی کئی علاقوں میں سیلابی پانی جمع ہے اور لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات درپیش آرہی ہیں ۔پیر کے روز بھارتیہ محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر ،تامل ناڈو ،آسام اور گجرات سمیت کئی ریاستوں میں منگل سے جمعہ تک بھاری سے لیکر انتہائی بھاری بارشوں کو پیش گوئی کی تھی ۔

