حریت (گ) سید علی گیلانی نے ہفتہ کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے زیر علاج لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی عیادت کی ۔حریت ترجمان نے بتایا کہ سید علی گیلانی کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں طبی معائینہ کرنا تھا ،جہاں انہوں نے اپنے طبی معائینہ کے دوران یہاں زیر علاج محمد یاسین ملک کی عیادت بھی کی ۔
ترجمان نے بتایا کہ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں سید علی گیلانی کا طبی معائینہ کیا گیا ،جس دوران انہوں نے ملک یاسین کی بھی عیادت کی جبکہ انہوں نے زیر علاج ملک یاسین کی فوری صحتیابی کےلئے دعا کی ۔ یاد رہے کہ لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک بدھ کے روز سے سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) میں زیر علاج ہیں۔ فرنٹ کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا’ محمد یاسین ملک کو مثانے کی تکلیف کے سلسلے میں میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے کل دوپہر سے ان کے مختلف ٹیسٹ وغیرہ لے رہے ہیں‘۔
انہوں نے بتایاتھا’ پرسوں رات سے ان کے جسم سے پیشاب کے بجائے خون کا اخراج ہورہا تھا اور وہ کافی تکلیف میں تھے۔آج دن بھر ان کے دل اور گردوں نیز مثانے کے حوالے سے طبی ٹیسٹ لئے گئے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم مسلسل ان کی نگہداشت پر مامور رہی۔ اگرچہ ان کی تکلیف میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن مثانے میں خون کے لوتھڑے موجود ہونے کی وجہ سے ابھی تک انہیں ہسپتال میں ہی زیر علاج رکھا جارہا ہے۔
اس ضمن میں کئی طبی ٹیسٹ کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی ڈاکٹر ان کے آئندہ علاج کے بارے میں فیصلہ کریں گے‘۔ ترجمان نے بتایا کہ فرنٹ اپنے قائد محترم کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہے او ر کشمیریوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے قائد کی فوری صحت یابی کے لئے دعا کریں۔
