شوپیان :جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ کی صبح اُس تازہ کشیدگی کی لہر دوڑ گئی ،جب گنہ پورہ میں فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 19سالہ نوجوان صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا۔
گنہ پورہ شوپیان میں 27جنوری کو فوج کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا19سالہ نوجوان رئیس احمد گنائی ولد محمد یوسف ساکنہ نا ر پورہ شوپیان بدھ کے روز صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔اس طرح گنہ پورہ فائرنگ واقعہ میں جاں بحق نوجوان کی تعداد تین ہوگئی ۔
اس سے قبل اس فائرنگ واقعہ میں جاوید احمد بٹ ساکنہ بالپورہ اور سہیل جاوید ساکنہ راولپورہ موقعے پر ہی جاں بحق ہوئے تھے ۔رپورٹس کے مطابق 19سالہ نوجوان رئیس احمد فوج کی فائرنگ میں شدید زخمی ہوا تھا،اور پانچ روز تک صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا ۔
جاں بحق نوجوان کی میت جونہی بدھ کی صبح8بجے پہنچائی گئی ،تو وہاں کہرام اور صف ماتم بچھ گئی ۔بعد ازاں فلک شگاف نعروں کے بیچ جاں بحق نوجوان کی میت کو سپرد لحد کیا گیا ،جس دوران یہاں غمناک صورتحال کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔
ریاستی حکومت نے اس واقعہ کے حوالے سے مجسٹریل انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں جبکہ فوج کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کی ہے ۔تاہم فوج کا دعویٰ ہے کہ اپنے دفاع میں فوجی اہلکاروں نے فائرنگ کی کیونکہ مشتعل ہجوم نے فوجی افسر کی لنچنگ اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی ۔
