سرینگر:سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں گزشتہ دو برسوں کے دوران پر تشدد وارداتوں میں 363جنگجو اور 71 عام شہری ہلاک ہوئے،176جنگجوﺅں کو گرفتار کیا گیا جبکہ سنگبازوں کے خلاف3773ایف آئی آر درج کئے گئے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پچھلے تین سال کے عرصے میں سیکورٹی فورسز نے251ہتھیار چھین لئے گئے جبکہ فورسز نے 391 رائفلوں ، 182 پستولوں اور683گرینیڈوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود برآمد کیا۔سرکار کا یہ بھی کہنا ہے کہ وادی میںگزشتہ برس اسلحہ برداروں کے ہاتھوں بنک ڈکیتی کے13واقعات میں ایک کروڑ 13لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم لوٹ لی گئی۔
قانون ساز اسمبلی میں بھاجپا رکن ست پال شرما کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو داخلی امور کی وزیر بھی ہیں، نے ایوان کو بتایا کہ سال2016اور2017 کے دوران ریاست میں مجموعی طور363جنگجو مارے گئے جن میں246غیر مقامی اور117مقامی جنگجو شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں تشدد کی وارداتوں میں 71عام شہری بھی ہلاک ہوئے جو جنگجوﺅں کے ہاتھوں یا سرحدی گولی باری کے نتیجے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں176جنگجو گرفتار بھی ہوئے۔ست پال شرما کے ایک اور سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ 2016اور2017کے دوران وادی میں سنگبازوں کے خلاف3773ایف آئی آر درج کئے گئے اور ان میں شامل11290افراد بعد میںضمانت پر رہا ہوئے۔ادھر قانون ساز کونسل میں ایم ایل سی وکرم رندھاوا کے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران سیکورٹی فورسز سے 251ہتھیار چھین لئے گئے۔ان میں35اے کے رائفلیں،43ایس ایل آر، 44انساس رائفلیں، 12پستول بشمول میگزین اور102گرینیڈ شامل ہیں۔
محبوبہ مفتی کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اس میں سے76ہتھیار برآمد کرکے90ملزمان کو حراست میں لیا۔کے ایم ا ین کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ اس عرصے کے دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود اپنی تحویل میں لیا جس میں391اے کے رائفلیں،182پستول،11آر پی جی، 3سنیپر رائفلیں، 39بارودی سرنگیں اور 683 گرینیڈ شامل ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے ایوان کو اس بات کی جانکاری فراہم کی کہ سال2017کے دوران وادی میں بنک ڈکیتی کی13وارداتیں پیش آئیں جس دوران مجموعی طور 11305144روپے لوٹ لئے گئے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے اس میں سے199000روپے کی رقم برآمد کی ہے ۔وزیر اعلیٰ کے مطابق ان تمام واقعات کے بارے میں ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں اور تحقیقات کا عمل جاری ہونے کے ساتھ ساتھ5ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان بھی پیش کیا گیا ہے۔کے ایم این

