سری نگر: ’’26جنوری کے پیش نظر سیکورٹی الرٹ‘‘ کے بیچ سرینگر،مظفر آباد شاہراہ پرایچ ایم ٹی کے نزدیک ایک طاقتوربارودی سُرنگ پائی گئی ،اور4کلوگرام وزنی بارودی سرنگ کو پولیس وفورسزکے بم ڈسپوزل اسکارڈنے بروقت ناکارہ بنا دیا۔تاہم اس دوران سنیچرکی صبح شاہراہ پرٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑا۔اس دوران فوج نے شہر کے مضافاتی علاقہ اونتہ بھون صورہ ،گنڈروشن گاندربل اوروُلرہامہ پہلگام میں محاصرے کے دوران و تلاشی کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اس دوران اونتہ بھون کے لوگوں نے فورسزاہلکاروں پرتلاشی کارروائی کے دوران گھروں میں موجودسامان کوتہس نہس کرنے کاالزام لگا۔ غورطلب ہے کہ سری نگرمیں26جنوری کی بڑی تقریب پہلی مرتبہ بخشی اسٹیڈیم کے بجائے کرکٹ اسٹیڈیم واقع سونہ وارمیں منعقدہورہی ہے۔
سرینگر کے مضافاتی علاقہ ایچ ایم ٹی میں اس وقت سنیچر صبح افراتفری اور تناؤ کا ماحول پیدا ہوا،جب فورسز کی طرف سے برآمد کی گئی برلب سڑک باردوی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل سی آر پی ایف کی44ویں بٹالین کی روڈ اوپنگ پارٹی نے بارہمولہ سرینگر شاہراہ پر جمعہ اورسنیچر کی درمیانی شب قریب4بجے نصب شدہ ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا۔
اس دوران پوری شاہراہ اور نواحی علاقے کو سیل کیا گیا،اور گاڑیوں کی آمدرفت بھی بند کی گئی۔ سنیچر صبح پولیس اور فوج کی2آر آر سے وابستہ اہلکار بھی شاہرہ پر پہنچے اور اس مصروف ترین شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روک دیا گیا،اور بم ڈسپوزل اسکارڑ کو طلب کیا گیا،جنہوں نے قریب11بجے اس بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ قریب4کلو وزنی تھی،اور اگر پھٹ جاتی تو اس سے نقصانات پہنچتے۔
کئی گھنٹوں تک اس شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہنے کے بعد جب بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا گیا،تو ایک بار پھر ٹریفک کی آمدرفت شروع ہوئی۔واضح رہیے کہ6جنوری کو سوپور میں بھی جنگجوؤں کی طرف سے نصب کی باردوی سرنگ پھٹنے سے4پولیس اہلکار ہلاک جبکہ مزید3زخمی ہوئے تھے۔
اُدھر سرینگر کے صورہ اونتھہ بھون میں سنیچر کی صبح لوگ اس وقت تذبذب میں مبتلا ہوئے،جب انہوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں پایا۔اونتھہ بھون میں نیم فوجی دستے سی آر پی ایف اور تاسک فورس اہلکاروں نے پہلے محاصرے میں لیا،اور بعد میں تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔اس دوران صورہ اور دیگر علاقوں تک جانے والی سڑکوں پر فورسز کا سخت پہرہ بٹھا دیا گیا،اور کسی بھی شخص کو علاقے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی،دفاعی ذرائع کے مطابق علاقے میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی خبر ملنے کے بعد اونتھہ بھون کا محاصرہ کیا گیا۔
ادھرسنیچر کی صبح کو فوج نے وسطی ضلع گاندربل کے گنڈ روشن علاقے کو محاصرے میں لیا،اور گھر گھر تلاشیاں شروع کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقے مین عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں ملی اطلاعات کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا۔فوج کی5آر آر اور تاسک فورس اہلکاروں کے علاوہ نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کے اہلکار بھی اس آپریشن کا حصہ تھے، جنہوں نے بعد میں گھر گھر تلاشیاں شروع کی۔اس دوران قریب10بجے محاصرہ ختم کیا گیا،تاہم کسی بھی شخص کی گرفتاری کی کوئی بھی خبر موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ26جنوری کے موقعہ پر ممکنہ جنگجو یانہ حملوں کے پیش نظر پوری وادی میں ہائی الرٹ ہے ۔سیکورٹی ایجنسیوں کو جنگجو یانہ حملوں کو روکنے کیلئے چوکس رہنے کے ساتھ ساتھ متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ غورطلب ہے کہ سری نگرمیں بھارت کے یوم جمہوریہ یعنی26جنوری کی بڑی تقریب پہلی مرتبہ بخشی اسٹیڈیم واقع ہفت چنارکے بجائے کرکٹ اسٹیڈیم واقع سونہ وارمیں منعقدہورہی ہے اوراس سلسلے میں تمام ترانتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔
