سرینگر:گلمرگ اور پہلگام سمیت کچھ بالائی علاقوں میں برفباری اور بعض میدانی مقامات پر تازہ بارشوں کے بیچ سخت شبانہ سردی کی لہر بدستور جاری ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں اگلے48گھنٹوں کے دوران کسی کسی جگہ برفباری اور بارشوں کا امکان ہے ۔
جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران وادی کے کئی بالائی مقامات پر تازہ لیکن ہلکی برفباری ہوئی جن میں معروف صحت افزاءمقامات گلمرگ اور پہلگام بھی شامل ہیں۔اس دوران شمال و جنوب کے کئی میدانی علاقوں میںہلکی بارشیں ہوئیں جوجمعہ کو مطلع مجموعی طور ابر آلود رہنے کے بیچ وقفے وقفے سے جاری رہیں۔شمالی کشمیرکے کپوارہ اور بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول کے کچھ نزدیکی علاقوں سے بھی تازہ اور بھاری برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تازہ مغربی ہوائیںریاست کی فضاﺅں میں داخل ہوکر موسم پر اثر انداز ہونا شروع ہوگئی ہیں جس کے نتیجے میں کسی کسی جگہ برفباری اور بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی کے نتیجے میں آئندہ48گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میںہلکی برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
ادھر وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطے میں دوران شب سردی کی سخت لہر میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔حالانکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ4اور5دسمبر کی درمیانی شب کے دوران بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا، البتہ گزشتہ شب کے مقابلے میں گلمرگ اور کوکرناگ کوچھوڑ کر کم سے کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرینگر میں محکمہ موسمیات کے ایک آفیسر نے کے ا یم ا ین کو بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کے دوران ریاست کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ شب پہلگام میںکم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے4ڈگری سیلشیس نیچے ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ سردیوں نے زور پکڑ لیا ہے جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی9ڈگری سیلشیس رہا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ لداخ خطے کاکرگل علاقہ اس شب کے دوران ریاست کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی20ڈگری سیلسیش جبکہ لیہہ میں منفی10.3ڈگری سیلشیس کے آس پاس ریکارڈ کیا گیا ۔کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4، قاضی گنڈ میںمنفی4اور کپوارہ میں منفی2درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ سخت ترےن سردیوں پر مشتمل چلہ کلان کے40دن گزشتہ ماہ کی21تاریخ کو شروع ہوکرجنوری کے آخر میں اختتام پذےر ہوتے ہیں جس کے بعد کشمیریوں کو 20روز کے ”چلہ خورد “اور10روز کے ”چلہ بچہ“کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس ایک مہینے میں چلہ کلان کے مقابلے میں کم سردی رہتی ہaے ۔

