سری نگر: ”5جنوری سے برفباری اوربارشوں کاامکان“ظاہرکرتے ہوئے موسمیاتی ماہرین نے خبردارکیاکہ ہرگزرتے دن کیساتھ شبانہ درجہ حرارت میں گراﺅٹ جاری رہے گی ۔اس دوران کشمیروادی اورخطہ لداخ میں جاری شدیدٹھنڈکے چلتے منگلواراور بدھ کی درمیانی شب ’کرگل میں رات کا درجہ حرارت منفی20.6ڈگری ریکارڈ کیا ۔
دن کے وقت دھوپ کے باعث درجہ حرارت بہتررہنے کے برعکس رات کے وقت مطلع صاف رہنے کے باعث پوری وادی میں سخت ترین سردی کی لہرجاری ہے ۔سرینگرمیں قائم محکمہ موسمیات نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ خشک موسمی صورتحال کے چلتے دن کے وقت کشمیروادی میں درجہ حرارت معمول پررہتاہے لیکن رات کے وقت آسمان صاف رہنے کی وجہ سے پارہ نقطہ انجمادسے نیچے رہتاہے ۔
موسمیاتی ماہرین نے بتایاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات بھی کشمیروادی اورلداخ خطے میں درجہ حرارت میں تنزلی ریکارڈکی گئی ۔
انہوں نے وادی اورلداخ میں دوران شب ریکارڈشدہ درجہ حرارت کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ رات شہرسرینگرمیں پارہ منفی4.1،گیٹ وے آف کشمیر قاضی گنڈ میں رات کا درجہ حرارت منفی4.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
سیاحتی مقام پہلگام میں منفی6.1،سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی6.8،کرگل میں منفی20.6اورلیہہ میں منفی16.6ڈگری سلیشیس ریکارڈکیاگیا جوکہ رواں موسم سرما میں اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔کو کرناگ میں منفی1.7ڈگری ،کپوارہ میں منفی3.ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
انہوں نے بتایاکہ صوبہ جموں بشمول خطہ پیرپنچال اورخطہ چناب کے تحت آنے والے علاقوں میں بھی سردی کی لہرجاری ہے ۔ماہرین کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات جموں شہرمیں درجہ حرارت صرف4.3ڈگری ،کٹرہ میں6.2،بٹوٹ میں صرف2ڈگری،بانہال میں محض0.0،بھدرواہ قصبہ میں منفی 0.1اوراودھمپورمیں3ڈگری سلیشیس ریکارڈکیاگیا۔
محکمہ موسمیات نے4جنوری تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایاکہ 5جنوری سے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اورمیدانی علاقوں میں بارشوں کاامکان ہے ۔ماہرین نے خبردارکیاکہ ہرگزرتے دن کیساتھ شبانہ درجہ حرارت میں گراﺅٹ جاری رہے گی۔
