جموں: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو اپنے بھائی تصدق حسین مفتی اور سابق وزیر جاوید مصطفی میر کو کابینہ میں شامل کرلیا۔ یہاں راج بھون کے احاطے میں منعقد ہونے والی تقریب میں ریاستی گورنر این این ووہرا نے مسٹر مفتی اور مسٹر میر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ یہ گذشتہ دو برسوں میں دوسری دفعہ ہے کہ محترمہ مفتی نے اپنی کابینہ میں توسیع کی۔
اس سے قبل انہوں نے رواں برس فروری میں سینئر پی ڈی پی لیڈر سید الطاف بخاری کو اپنی کابینہ میں شامل کیا ۔ دونوں الطاف بخاری اور جاوید میر سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت والی بی جے پی ، پی ڈی پی سرکار میں کابینی وزیر تھے۔ لیکن انہیں محترمہ محبوبہ مفتی نے اپنی وزراءکی ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔ تاہم اب محترمہ مفتی نے باری باری دونوں کو واپس کابینہ میں شامل کیا۔
دوسری جانب سینماٹوگرافرسے سیاستدان بننے والے مسٹر تصدیق حسین جنہوں نے گذشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ شکایتی سیل کے کوآرڈی نیٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا، محترمہ مفتی کی کابینہ میں شامل ہونے والا نیا چہرہ ہے۔ انہیں کابینی وزیر بننے کے اہل بنانے کے لئے پہلے بحیثیت رکن قانون ساز کونسل نامزد کیا گیا۔ تصدیق حسین نے 7 جنوری 2016 کو اپنے والد اور اس وقت کے ریاستی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد پی ڈی پی میں غیررسمی طور شمولیت اختیار کی تھی۔
تاہم 7 جنوری 2017 کو سری نگر کے انڈور اسٹیڈیم میں مفتی محمد سعید کی پہلی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں تصدیق حسین مفتی نے پی ڈی پی میں رسمی طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔ محترمہ مفتی کے چچا فاروق اندرابی نے گذشتہ ہفتے ریاستی کابینہ سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا جس سے کابینہ میں توسیع کی راہ ہموار ہوگئی۔ تصدق حسین اور جاوید میر کی کابینہ میں شمولیت کے ساتھ کابینہ کے اراکین کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق جاوید مصطفی میر عمرہ پر گئے ہوئے تھے اور وہاں سے سیدھے جموں پہنچ گئے۔ وہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے حلقہ انتخاب چاڈورہ سے رکن اسمبلی ہیں۔ راج بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں محترمہ مفتی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کے علاوہ پی ڈی پی، بی جے پی مخلوط حکومت کے متعدد وزراءبشمول نعیم اختر، ڈاکٹر حسیب درابو، عبدالرحمان ویری، چودھری ذوالفقار علی شامل تھے۔ یو این آئی

