پونچھ// پونچھ کے بعد راجوری میں لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر میں ہند پاک افواج کے مابین شدید نوعیت کی تازہ گولی باری کے بعد انتظامیہ نے لوگوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ جموں صوبے کے مختلف علاقوں میںحد متارکہ کی صورتحال بدستورانتہائی کشیدہ ہے۔یہ تناﺅ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے جب دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان زبردست گولہ باری ہوئی شروع ہوئی جو وقفے وقفے سے جاری ہے اور بعض اوقات اس میں اس قدر شدت پیدا ہوئی کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف جانی اور مالی نقصان ہوا۔منگل کی شام بھی بھی طرفین کے درمیان خوفناک گولی باری ہوئی جس کے دوران دونوں ملکوں کی افواج نے ایک دوسرے پر خودکار ہتھےاروںسے فائرنگ کی جبکہ اس بےچ اعصاب شکن دھماکوں کے نتےجے میں سرحدی علاقے لرز اٹھے ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے راجوری میں کنٹرول لائن کے نوشہرہ سیکٹر میںفوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید گولی باری کی جس کا فوج کی طرف سے زوردار جواب دیا گیا۔ترجمان کے مطابق یہ فائرنگ بغیر کسی اشتعال کے شروع کی گئی جس دوران ہلکے اور خود کار ہتھیاروں کے استعمال کے ساتھ ساتھ زوردار مارٹر شیلنگ بھی کی گئی۔ تاہم ان واقعات میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق گولی باری کی گھن گرج سے کنٹرول لائن کے نزدیک واقع بستیوں میں خوف و دہشت پھیل گئی اور بیشتر لوگوں نے گھروں کے اندر پناہ لی ۔ضلع انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کرکے لوگوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

