مودی حکومت نے پانچ سال تک ملک کو گمراہ کیا: سونیا

نئی دہلی: ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی صدر اور کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر بدھ کو جم کر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 5 سال کے دوران انہوں نے آئین پر حملہ کیا ہے، پارلیمنٹ کو کمزور کیا ہے، مخالفین کی آواز دبائی ہے اور تنظیموں کو کمزور کرنے کا کام کیا ہے۔

سونیا گاندھی نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے اپوزیشن کا گلا دبانے کا کام کیا ہے۔ اس نے سیاسی مخالفین کو کچلا ہے اور ملک کے عوام کو بولنے کی آزادی کو چھینا ہے۔ پارلیمانی روایت کو توڑا گیا ہے اور اسے کمزور کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں بحث نہیں ہو رہی ہے اور ملک کے سب سے بڑے ایوان سے لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔

تصویر یو این آئی
انہوں نے لوک سبھا میں کانگریس کےلیڈر ملکارجن کھڑگے اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کےلیڈر غلام نبی آزاد اور ڈپٹی لیڈر آنند شرما کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے جمہوری طریقے سے حکومت کے ذریعہ اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوششوں کا مقابلہ کیا ہے۔

یوپی اے صدر نے کہا کہ کانگریس کے نئے صدر راہل گاندھی نے کارکنان میں نئی توانائی بھر دی ہے اور مودی حکومت کے غیر جمہوری طور طریقوں کے خلاف اپوزیشن کو بھی متحد کرنے کا کام کیا ہے۔ اب صرف اپوزیشن پارٹیاں کانگریس کی صلاح لیتی ہیں اور انہیں صلاح دیتی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا ”اس نئے جوش کے ساتھ ہمیں اب لوک سبھا الیکشن کے لئے آگے بڑھنا ہے۔ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت نے ہمارے لیڈروں اور کارکنان میں جوش بھردیا ہے۔ ملک کے عوام بھی حکومت کی جملے بازی کو سمجھنے لگے ہیں۔ اس لئے اب مودی حکومت کا جم کر مقابلہ کرنا ہے۔”

Share This Article