فورسز کی جانب سے بے تحاشہ طاقت کا استعمال ، توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کی کارروائیاں قابل مذمت
سری نگر:۱۸،جون:/ نیشنل کانفرنس نے ایام عید کے دوران فورسز کی طرف سے بے تحاشہ طاقت کے استعمال اور فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی قیمتی جانوں کی تلافی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں حد درجہ ناکام ہوگئے ہیں، جس پر جس قدر افسوس اور مذمت کی جائے کم ہے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے عید کے دوران فورسز کی طرف سے بے تحاشہ طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں پر ایسے گولیاں چلائی جارہی ہیں جیسے تصادم آرائیوں کے دوران چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی طرف سے صبر و تحمل برتنے سے ان قیمتوں جانوں کی تلافی کو روکا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف شوال کا چاند نظر آیا اور دوسری جانب لاسی پورہ پلوامہ میں بندوقوں کے دہانے کھول کر ایک نونہال کو ابدی نیند سلادیا گیا اور ایک دوشیزہ کو بری طرح زخمی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے روز بھی خون بہانے کا سلسلہ جاری رہا ہے اور نمازِ عید ادا کرنے کے بعد ہی اننت ناگ میں ایک اور نوجوان کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا جبکہ سینکڑو ں کی تعداد میں زخمی کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پہلے روز دو درجن کے قریب نوجوانوں کی آنکھیں پیلٹوں کا نشانہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ کئی زخمی آج بھی ہسپتالوں میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ ایام عید کے دوران بھی آبادیوں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کا سلسلہ جاری رکھا گیا اور عوام کو زیر عتاب رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ریاست کی وزیر اعلیٰ کا کہیں نام و نشان نہیں، جبکہ اپوزیشن کے دوران موصوفہ کوئی بھی جانی نقصان ہونے کے موقعے پر مگر مچھ کے آنسو بہانے جایا کرتی تھیں اور سڑکوں پر آکر احتجاج کرتی تھیں۔ ڈاکٹر کمال نے مارے گئے شہریوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی متاثرین کو صبر جمیل سے نوازے اور مرحومین کے درجات بلند کرے۔ انہوں نے عوام سے صبر تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بھی اپیل کی ۔

