گمراہ نوجوان تشدد کا راستہ ترک کرکے پرامن زندگی گزاریں
سرینگر:۱۴،جون:/ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے ریاستی عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن کشمیری نوجوانوں نے گمراہی کے باعث تشدد کا راستہ اختیار کیا ہے ،وہ اسے ترک کرکے پرامن زندگی گزاریں ۔کے این این کے مطابق عید الفطر کے موقعے پر ریاستی پولیس کے سربراہ داکٹر شیش پال وید نے اپنے پیغام میں اہل جموں وکشمیر کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے پولیس جوانوں اور اُنکے اہلخانہ کو خوشی کے موقعے پریاد کیا ۔انہوں نے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے خاندانوں ،تمام پولیس اہلکاروں وافسران ،فورسز اہلکاروں اور ریٹائر پولیس اہلکاروں اور اُنکے افرادِ خانہ کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔اپنے پیغام میں ایس پی وید نے کہا کہ جن کشمیری نوجوانوں نے گمراہ ہو کر تشدد کا راستہ اختیار کیا ،وہ تشدد کی راہ چھوڑ کر پرامن زندگی گزاریں ۔انہوں نے کہا کہ عید کے مقدس اور خوشی کے موقعے پربندوق اٹھانے والے کشمیری نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں ۔انہوں نے کہا ماہ رمضان کے مقدس موقعے پر تمام آپریشنوں کو معطل کیا گیا ،جو کہ تشدد کی راہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کو نارمل زندگی گزار نے اور اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کا ایک موقع تھا ۔

