سری نگر:۶،جون: / مزاحمتی لیڈر غلام محمد خان سوپوری پر چوتھی مرتبہ پی ایس عائد کرکے تھانہ سوپور سے کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔کے این این موصولہ ایک بیان کے مطابق پیپلز لیگ نے تنظیم کے بزرگ و علیل چیئرمین غلام محمد خان سوپوری پرچوتھی بار پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر کے رات کے اندھیرے میں انہیں انتہائی بیماری کی حالت میں تھانہ سوپور سے کورٹ بلوال جیل منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔ اسی دوران پیپلز لیگ کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع منعقد ہوا جس میں ماسٹر عبدالرشید ،حاجی محمد رمضان،عبدالرشید ڈار، غلام قادر راہ ،نذیر احمد شاہ ، محمد شفیع میر ،مشتاق احمد صوفی ،پرویز احمد بٹ ،غلام قادر رینہ،احمداللہ پرے، عبدالرشید متو اور محمد یوسف بٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے رہائی کے احکامات صادر ہونے کے باوجود پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری پرچو تھا پی ایس اے عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمران ان کی رہائی میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ثابت کر رہے ہیں کہ ان کا رموٹ کنٹرول نئی دہلی میں ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بزرگ رہنماء غلام محمد خان سوپوری کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ اجلاس میں ریاستی انتظامیہ کے اس فعل کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے غلام محمد خان سوپوری کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
