پتھراؤ ،جوابی پتھراؤ ،ٹیر گیس شلنگ ،پیلٹ فائرنگ اور ہوائی فائرنگ ،متعدد اہلکاروں سمیت کئی مضروب
سری نگر،اننت ناگ:یکم،جون:/ شہرخاص اور جنوبی قصبہ اننت ناگ میں بعد نمازجمعہ پُرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ ،پیلٹ فائرنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی ۔پتھراؤ ،جوابی پتھراؤ اور تعاقب کے نتیجے میں کئی اہلکاروں سمیت درج بھر افراد کو چوٹیں آئیں جن میں ایک کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔شدید نوعیت کی جھڑپوں کے باعث پائین اور قصبہ اننت ناگ میں بعد نمازجمعہ معمول کی سرگرمیاں متا ثرہوئیں ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق شہر خاص میں حسبِ روایت بعد نمازِ جمعہ اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں گزشتہ ہفتے مبینہ طور پر جامع مسجد کی بے حرمتی اور نمازیوں پر کی گئی ٹیر گیس وپیلٹ فائرنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ مرکزی جا مع مسجد میں جونہی نماز جمعہ ادا کی گئی ،تو لوگ نعرہ بازی کرتے ہوئے مسجد سے باہر جبکہ مرکزی جامع مسجد کے احاطے میں پہلے سے ہی نوجوانوں کی ایک خاصی تعداد موجود تھی ۔معلوم ہوا ہے کہ مظاہرین نے جامع مسجد کے احاطے میں جمع ہو کر گزشتہ ہفتے فورسز کارروائی کے خلاف اپنا احتجاج درج کیا جبکہ زیادہ تر اور بیشتر مظاہرین میں نوجوان شامل تھے ،جنہوں نے ایک احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش کی ،جسکی پولیس نے اجازت نہیں دی ۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرین اور پولیس وفورسز کے درمیان مزاحمت ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس وفورسز نے مظاہرین کو تتربتر کرنے کیلئے اُن تعاقب کیااور لاٹھیاں برسائیں ،جسکے ساتھ ہی احتجاجی مظاہرین مشتعل ہو ئے انہوں نے فورسز پر پتھراؤ کیا ۔تاہم احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ وہ پرامن طور پر مرکزی چوک نوہٹہ میں احتجاج کررہے تھے ۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سی آر پی ایف کی گاڑیاں تیز رفتاری کے ساتھ اُن کی طرف آئیں اور تین مظاہرین کو کچل ڈالا ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو خون میں لت پت علاج ومعالجہ کی خاطر صدر اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں سے ایک کو بر زلہ اسپتال پہنچایا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ ایک مظاہرین کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔اس کے ساتھ ہی نوہٹہ ،گوجوارہ ،پاں دھان ،خواجہ بازار ،ملہ رٹہ اور اسکے گرد و نواح میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے ۔مظاہرین نے مشتعل ہو کر پولیس وفورسز پر پتھراؤ کیا جبکہ جوابی کارروائی میں پولیس وسی آر پی ایف اہلکاروں نے بھی پتھراؤ کیا جبکہ ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ پیلٹ فائرنگ بھی کی ۔طرفین کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپیں کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس دوران کئی اہلکاروں سمیت متعدد افراد مضروب ہوئے ۔ادھر قصبہ اننت ناگ میں بھی بعد نماز جمعہ تشدد بھڑک اٹھنے کی اطلاعات ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ لالچوک ،ریشی بازار ،جنگلات منڈی اور اسکے گرد ونواح علاقوں میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے ساتھ ہی لوگ کی بڑی تعداد سڑکوں پر نمودار ہوئیں،جنہوں نے شہری ہلاکتوں اور فورسز زیادتیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ۔مظاہرین نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ،جس دوران پولیس وفورسز نے مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے تیر گیس شلنگ کی ۔معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر مظاہرین مشتعل ہوئے جنہوں نے پتھراؤ کیا جوابی کارروائی میں فورسز نے مزید ٹیر گیس شلنگ کی اور ہوا میں گولیوں کے کئی راؤنڈ چلائے ۔شدید نوعیت کی جھڑپوں کے باعث پائین اور قصبہ اننت ناگ میں بعد نمازجمعہ معمول کی سرگرمیاں متا ثرہوئیں۔معلوم ہوا ہے کہ پائین اور قصبہ اننت ناگ کے کئی علاقوں میں بعد نمازجمعہ دکانات ،کاروباری ادارے بند ہوئے جبکہ پبلک ونجی ٹرانسپورٹ سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں ،کیو نکہ گاڑیوں کو متبادل روٹوں کا استعمال کرنا پڑا جسکی وجہ سے لمبے لمبے ٹریفک جام بھی دیکھنے کو ملے ۔


