علاقے کا محاصرہ، تلاشی کارروائی شروع،مہلوک فوجی اہلکار کا بادامی باغ میں خراج
لنگیٹ،سرینگر:۸،جون: / مرکزی وزیر داخلہ کے دورہ کپوارہ کے دوران ہرل لنگیٹ میں جنگجوؤں اور فوج کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ،تاہم معرکہ آرائی میں کسی کے ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ،جنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔یاد رہے کہ جمعرات کو حد متارکہ کے نزدیک مژھل سیکٹر میں جنگجوؤں اور فوج کے درمیان معرکہ آرائی میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ۔ادھر کیرن سیکٹر کی معرکہ آرائی میں ہلاک ہوئے فوجی اہلکار کو بادامی باغ سرینگر میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُسکا آخری الوداع فوجی اعزاز میں کیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق مژھل کے بعد ہرلنگیٹ میں جمعہ کو جنگجوؤں اور فوج کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔گولیوں کا یہ تازہ تبادلہ ایسے وقت ہوا جب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سرحدی ضلع کپوارہ کے دورے پر تھے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے ہرلِ ماور لنگیٹ علاقے میں جمعہ کی صبح جنگجوؤں نے گھات لگا کر30 آر آر کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے سے فوج کی گشتی پارٹی معمول کی گشت پرتھی ،کہ علاقے میں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔جوابی کارروائی میں بھی فوج نے بھی گولیاں چلائیں جس کے ساتھ ہی طرفین کے مابین جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا ۔ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں اور فوج کے درمیان گولیوں کا تبادلہ مختصر تبادلہ ہوا ،جس دوران جنگجوؤں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ طرفین کے مابین مختصر معرکہ آرائی میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس دوران فوج نے پورے علاقے کا محاصرہ کیا اور حملہ آؤروں کی تلاش شروع کردی ۔تاہم جنگجوؤں اور فوج کے درمیان تلاشی کارروائی کے دوران دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا ۔ادھرمژھل سیکٹر کی معرکہ آرائی میں ہلاک ہوئے فوجی اہلکار کو بادامی باغ سرینگر میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُسکا آخری الوداع فوجی اعزاز میں کیا گیا ۔دفاعی ترجمان راجیش کالیا نے ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہلوک سپاہی سکھ ویندر سنگھ کو بادامی باغ سرینگر میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ،جو لائن آف کنٹرول کے نزدیک کیرن سیکٹر کپوارہ 7جون کو اچانک حملے میں لقمہ اجل بن گئے ۔دفاعی ترجمان کے مطابق گلباری کی تقریب میں شمالی آر می کمانڈر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ ،15کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی ۔ترجمان نے بتایا کہ مہلوک فوجی اہلکار26سالہ تھے اور اُس نے سنہ2012میں فوج جوائن کی تھی ۔انہوں نے کہا مہلوک فوجی اہلکار کا تعلق حاکم سنگھ والا پنجاب سے تھا ،وہ اپنے پیچھے والدین اور دو بھائیوں کو چھوڑ گیا جن کی وہ کفالت کرتا تھا ۔فوجی اعزاز میں مہلوک کی میت کو آبائی گاؤں بھیج دی گئی ،جہاں اُس کی فوجی اعزاز میں آخری رسومات انجام دی جائیں گی ۔

