گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں سیرت کانفرنس

By
5 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سکولی سربراہان اور اساتذہ کے ہاتھ میں قوم کا مستقبل
تعلیم کا مقصد اخلاقی اقدار کو فروغ دینا، بچوں کو با اخلاق انسان بنانا ہے :وزیر تعلیم

سرینگر:۹،جون:/ تعلیم کا مقصد صرف پڑھنا لکھنا نہیں ہے بلکہ اخلاقی اقدار کے فروغ کے ساتھ ساتھ بچوں کو انسانیت کے ڈھانچے میں ڈال کر با اخلاق انسان بنانا تعلیم کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر تعلیم چودھری ذولفقار علی نے آج ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے اہتمام سے گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں منعقدہ یک روزہ سیرت کانفرنس کے دوران کیا۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ا نہوں نے کہا کہ قران مجید ایک مکمل کتاب ہے اور حضور ؐ کی تعلیمات ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں۔ چودھری ذولفقار علی نے کہا کہ پیغمبر آخر الزماں ؐ کی تعلیمات کو اپنا کر اور اُن کے نقشِ قدم پر چل کر ہم صحیح معنوں میں انسان بن سکتے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ بحیثیت وزیر تعلیم قلمدان سنبھالنے کے فوراً بعد ہم نے سکولوں میں اخلاقی تعلیم کو فراہم کرنا لازمی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود اگر ایک انسان بااخلاق نہیں ہے تو سب کچھ بے معنیٰ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تعلیم کا مقصد بچے کو بااخلاق بنانے کے ساتھ ساتھ اُسے انسانیت کے رموز سے آشنا کرنا ہے۔وزیر موصوف نے ماں کی اہمیت و افادیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنت کو تلاش کرنے کے لئے ہمیں عبادت اور محنت کے ساتھ ساتھ والدین کی خدمت کرنی چاہیے اور اُنہیں عزت و احترام بخشنا چاہیے۔سیرت کانفرنس کے دوران اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کہا کہ حضور ؐ کے طفیل انسانیت نے عروج پایااور جہالت کا وہ دور ختم ہواجب بیٹیوں کو زندہ دفنایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ حضورؐ کی سیرت اور اُن کی تعلیمات کو عام کرکے اُن پر عمل کیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں انسانیت کی آبیاری کی جائے۔ سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ سکولی سربراہان اور اساتذہ کے ہاتھوں میں قوم کا مستقبل ہے اس لئے اُنہیں قوم کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے طالب علموں کو صحیح تربیت دینے کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم سے بھی آراستہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو ہمارے ساتھ توقعات وابستہ ہیں اور ہم اﷲ کی بارگاہ میں جوابدہ ہیں اس لئے ہمیں نوکری کو محض پیشہ نہیں بلکہ عبادت سمجھنا چاہیے۔کانفرنس کی پہلی نشست کے اختتام پر ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے وزیر تعلیم سے مخاطب ہو کر کہا کہ اخلاقی اقدار کے فروغ کے لئے سکولوں میں طلباء کو مختلف قدروں سے آشنا کرنے کے لئے خصوصی کلاسزکے دوران اخلاقی تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اُن کی رہنمائی میں طالب علموں کو اخلاقی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موئثردرس و تدریس فراہم کرنے میں پیش پیش ہے ۔وزیر تعلیم نے کانفرنس کے دوران نعتیہ اور قرأت مقابلوں میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور مذکورہ سکول کی شفاء مسعود نامی طالبہ کی طرف سے ’’کشمیر ‘‘ نامی میگزین شائع کرنے پر انہیں نقد انعامات سے نوازا۔کانفرنس میں ناظم تعلیم جموں راکیش کمار سرنگل، جوائنٹ ڈائریکٹرس آف سکول ایجوکیشن کشمیر ، ضلع سرینگر سے وابستہ ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرنسپلز ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں سکولی بچوں نے شرکت کی۔سیرت کانفرنس کی پہلی نشست میں قرأت، دوسری میں نعت اور تیسری نشست میں تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوا۔بعد میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔

Share This Article