شاطرقرضدارنے ایک شخص کوبے دردی کیساتھ موت کی نیندسلادیا
گاندربل:3 جون: / وسطی ضلع گاندربل میں ایک قرضدارنے قرضے کی رقم اداکرنے کے بجائے اُس شخص کوبے دردی کیساتھ قتل کردیا،جس نے اُسکو80ہزارروپے اُدھاردئیے تھے ۔کے این این کے مطابق ایس ایس پی گاندربل فیاض احمدلون نے اتوارکویہاں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نامہ نگاروں کوبتایاکہ یکم جون کوپولیس تھانہ کھیربھوانی کوغلام محمدکھانڈے نامی شخص نے اپنے بیٹے 43سالہ محمدیوسف کے31مئی سے پُراسرارطورپرلاپتہ ہونے کے بارے میں تحریری رپورٹ درج کرادی ۔انہوں نے کہاکہ2جون کولاپتہ محمدیوسف کی نعش چھندیناجنگل میں ایک کھلی جگہ سے برآمدکیاگیا،اوراس سلسلے میں پولیس تھانہ کھیربھوانی میں ایف آئی آرزیرنمبر 33/2018 زیردفعہ 302اور364آرپی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔ایس ایس پی گاندربل کاکہناتھاکہ دوران تحقیقات پولیس کومحمدشفیع ماگرے ولدمحمدصدیق ساکنہ چھندیناگاندربل پرشبہ ہوا،اوراُسکو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ دوران پوچھ تاچھ مشتبہ شخص کو ہی اس قتل میں ملوث پایاگیاکیونکہ اُس نے خوداسبات کاانکشاف اورپھراقرارکیاکہ اُس نے کس وجہ پرمحمدیوسف کوجنگل میں قتل کیا۔ایس ایس پی گاندربل نے بتایاکہ دوران پوچھ تاچھ ملزم محمدشفیع نے پولیس کوبتایاکہ کئی ماہ قبل اُس نے مقتو ل محمدیوسف سے تین ماہ کیلئے مبلغ80ہزارروپے اُدھارلئے تھے لیکن وہ یہ رقم واپس نہیں لوٹاپایا۔ملزم نے پولیس کی تفتیشی ٹیم کوبتایاکہ جب وہ اُدھارکی رقم واپس نہ لوٹاسکاتواُس نے قرضے کی جھنجھٹ سے نجات پانے کیلئے محمدیوسف کوہی ختم کرنے کاخطرناک منصوبہ بنایا۔ایس ایس پی گاندربل فیاض لون نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ شاطر ملزم نے محمدیوسف کوقرضے کی رقم لینے کیلئے ایک خاص اورسنسان جگہ آنے کوکہا،اورجب محمدیوسف وہاں یعنی چھندیناجنگل میں پہنچاتوملزم محمدشفیع نے محمدیوسف کوبتایاکہ یہ خالی چیک ہے ،مجھے لکھنانہیں آتا،اسلئے تم خوداس چیک میں اپنی رقم لکھواورجاؤ۔ایس ایس پی گاندربل نے شاطرملزم کے بیان کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جب محمدیوسف چیک لکھنے کیلئے نیچے بیٹھا،اوروہ جھک گیاتومحمدشفیع نے ایک بھاری بھرکم پتھرمحمدیوسف کھانڈے کے سرپردے مارا۔اورجب ملزم کواسبات کایقین ہوگیاکہ محمدیوسف دم توڑچکاہے تواُس نے مقتول کی جیب سے اُسکااے ٹی ایم کارڈ،آدھارکارڈ،موبائل فون ،پین کارڈاور13,500روپے نکال لئے ،اورمحمدیوسف کی نعش وہیں چھوڑکرچلاگیا۔ایس ایس پی گاندربل نے بتایاکہ قاتل شخص نے مقتول سے چرائی گئے موبائل فون اوردوسری چیزوں کوپلوامہ جاکرفروخت کردیا۔انہوں نے کہاکہ ملزم نے قتل کااعتراف کرلیاہے ،اوراُس کیخلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت کیس درج کیاگیاہے ۔

