سری نگر:جموں وکشمیر کا گرمائی دارالحکومت سری نگر رواں سال کے اکتوبر میں پہلی بار بین الاقوامی مارشل آرٹ کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔ ان کھیلوں میں 12 ملکوں سے ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔
متذکرہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے منتظمین نے جمعہ کو یہاں یو این آئی کو بتایا ’سری نگر میں پہلی بار مارشل آرٹ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 3 اکتوبر سے 7 اکتوبر 2018 تک شیر کشمیر انڈور اسٹیڈیم سری نگر میں کھیلا جائے گا‘۔
انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا نام ’ایشین مارشل آرٹ (گیمز)ٹورنامنٹ 2018‘ رکھا گیا ہے۔ منتظمین نے بتایا ’بین الاقوامی سطح کے اس ٹورنامنٹ کی بدولت نہ صرف مقامی مارشل آرٹ کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کو دکھانے کا موقع ملے گا، بلکہ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع بھی فراہم ہوگا‘۔ انہوں نے بتایا ’اس کے انعقاد سے دنیا میں ایک مثبت پیغام جائے گا کہ کشمیر دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کے لئے ایک بالکل محفوظ جگہ ہے‘۔
جموں وکشمیر اسٹیٹ کیڈو ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری رمیز خان نے یو این آئی کو بتایا ’اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم ہوگا اور انہیں دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں سے اس کھیل سے متعلق نئی چیزیں سیکھنے کا موقع ملے گا‘۔ ان کا کہنا ہے ’اس ٹورنامنٹ کی بدولت وادی کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا‘۔ رمیز خان نے بتایا کہ ’جب ہم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں سے مثالی مہمان نوازی سے پیش آئیں گے تو وہ اپنے ممالک میں وادی کشمیر کے لئے برانڈ امبیسڈرز کارول نبھائیں گے‘۔
انہوں نے بتایا ’اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے نیشنل مارشل آرٹس کمیٹی انڈیا نے تاحال 12 ممالک کے کھلاڑیوں سے رضامندی حاصل کی ہے۔ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 200 غیرملکی سمیت 1000 مارشل آرٹ کھلاڑی شرکت کریں گے‘۔ خان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں مختلف قسم کی مارشل آرٹ کھیلیں بشمول کیڈو، ٹائیکانڈو، باکسنگ کھیلیں جائیں گی۔ یو این آئی

