تشددتباہی اورامن ترقی کی ضمانت
نوجوان ’کھیلوں کی کرامت اورتعلیم کی طاقت‘سے اپنے مستقبل کوتابناک بناسکتے ہیں
سری نگر:۷،جون:کے این این / مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے’تشددکوتباہی اورامن کوترقی کی ضمانت ‘قراردیتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کوتباہی نہیں ترقی کی راہ اپنانے کامشورہ دیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کوذہانت وقابلیت کی بنیادپرکوئی طاقت آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی ۔راجناتھ سنگھ نے نوجوانوں کیخلاف سنگباری کے کیس واپس لئے جانے کواہم فیصلے سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ معصومیت میں نوجوانوں سے بچگانی حرکتیں سرزد ہوتی ہیں تواُنکوسدھرنے سنبھلنے کاموقعہ دینے میں کوئی حرج نہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوان ’کھیلوں کی کرامت اورتعلیم کی طاقت‘سے اپنے مستقبل کوتابناک بناسکتے ہیں ۔کے این این سٹی رپورٹرکے مطابق مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے شیرکشمیرانڈؤراسٹیڈیم میں جمعرات کی صح منعقدہ ’جموں وکشمیر سپورٹس کانکلیو2018‘میں موجود سینکڑوں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ہندریاستی نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے کافی فکرمندہے ،اسی لئے جب بھی کوئی موقعہ ملتاہے تونئی یہاں کے نوجوانوں کی بھلائی اوربہترمستقبل کیلئے ضروری اقدامات اُٹھاتی ہے۔مرکزی وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ وزیراعظم نریندرمودی کوجموں وکشمیرسے ازحدلگاؤ اورمحبت ہے ،اوروہ یہاں کی نوجوان نسل کے مستقبل کیلئے ہمیشہ فکرمندرہتے ہیں ۔اس موقعہ پرمرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کشمیری نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تباہی اور ترقی میں سے صرف ’ترقی‘ کا راستہ اپنالیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری نوجوا ن ترقی کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو انہیں دنیا کی کوئی طاقت آگے بڑھنے سے نہیں روکے گی۔راجناتھ سنگھ کاکہناتھاکہ کشمیری نوجوانوں کی ترقی میں ہی پورے ہندوستان کی ترقی کا راز مضمر ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا ’میں جموں وکشمیر کے نوجوانوں سے یہ اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ تباہی یا ترقی میں اگر کسی کا دامن پکڑنا ہے تو میرے نوجوانوں کبھی تباہی کا دامن نہ پکڑنا ، زندگی میں صرف ترقی کا دامن پکڑنا۔ دنیا کی کوئی طاقت آپ کو آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی ہے‘۔ وزیر داخلہ نے نوجوان کھلاڑیوں سے کھچا کھچ بھرے انڈور سٹیڈیم میں اپنی تقریرکے آغازکہا’ ’محبوبہ جی، کشمیر میں یہ نظارہ میں نے اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھا ہے۔ مجھے یہاں آنے کا کئی بار موقع ملا ہے، لیکن ایسا نظارہ آج تک کبھی نہیں دیکھا۔ ان بچوں کے حوصلے اور ولولے کو دیکھنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان صرف ریاست کی ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ آج اتنی تعداد میں نوجوانوں کو دیکھنے کے بعد مجھے پورا یقین ہوگیا ہے کہ جموں وکشمیر میں نئی صبح لانے سے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ اس کا مجھے پورا یقین ہے‘۔ وزیر داخلہ نے پتھربازی کے واقعات میں ملوث نوجوانوں کے کیس واپس لینے پر کہا کہ یہ فیصلہ یہ سوچ کر لیا گیا کہ ’بچے تو بچے ہوتے ہیں‘۔مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہجہاں تک یہاں کے بچوں کا سوال ہے، میں کہنا چاہوں گا کہ بچے تو بچے ہوتے ہیں۔ بچوں کو کوئی بھی گمراہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا’ ہم حقیقت کو سمجھ سکتے ہیں، اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے پتھر بازی میں ملوث بچے جو گمراہ ہوئے تھے اور جنہوں نے جانے انجانے میں غلطی کی تھی، کے کیسوں کو ہم نے واپس لیا‘۔ انہوں نے کہا ’ معصومیت میں بچوں سے بچگانی حرکتیں سرزد ہوتی ہیں۔ اس لئے حکومت ہندوستان نے اُن کیخلاف پولیس تھانوں میں درج کیس واپس لینے کا فیصلہ کیا۔راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہماری حکومت(حکومت ہند) چاہتی ہے کہ جموں وکشمیر کے بچوں کو رزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس کے لئے حکومت ہندوستان نے کئی ایک سکیمیں شروع کی ہیں۔جموں وکشمیر سٹیٹ اسپورٹس کونسل کے زیراہتماممنعقد ہ اس کانکلیو میں ریاست میں گذشتہ چند برسوں کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں بشمولپرویزرسول،معراج الدین وڈؤ،راجندر سنگھ،منظورڈارالمعروف پانڈؤاورمارشل آرٹ کی عالمی چمپئن تجمل الاسلام کو ایوارڈس سے نوازا گیا۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، ریاستی وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری اور اسٹیٹ سپورٹس کونسل کے سکریٹری وحیدالرحمان پرہ بھی موجود تھے۔

