پلوامہ میں عام شہریوں کی ہلاکت پر سجاد غنی لون نے کیا دکھ کااظہار

جنگو مخالف آپریشن کے دوران جہاں شہری ہلاکتوں کا اندیشہ ہو آپریشن ملتوی کرنا ہی بہتر

سرینگر/15دسمبر: پلوامہ میں شہری ہلاکتوں پر سخت دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون نے کہا ہے جہاں پر عام لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہو وہاں پر جنگجو مخالف آپریشن کو ملتی کرنا ہی بہتر ہے ۔سجاد غنی لون نے کہا ہے کہ پلوامہ واقع سے بہت دکھ پہنچا ہے اور سرکار کو اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات اُٹھانے چاہئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں فوج کی راست فائرنگ میں سات عام شہریوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے سابق حریت لیڈر اور موجودہ مین سٹریم لیڈر اور پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر تحریر کیا ہے کہ پلوامہ واقع انتہائی تکلیف دہ اور دکھ دینے والا ہے ۔ انہوںنے لکھا تھا کہ اس طرح کے واقعات سے دل کو ٹھیس پہنچتی ہے ۔ سجاد غنی لون نے کہا ٹویٹر پر فوج کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجومخالف آپریشن کے دوران جہاں پر عام شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ ہووہاں پر ایسے آپریشنوں کو ملتوی کرنا ہی بہتر ہے تاکہ معصوم اور نہتے شہریوں کی ہلاکتوں کو روکا جاسکے ۔ سجاد غنی لون نے کہا ہے کہ آئے روز ہلاکتوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے کیوں کہ اس طرح ہلاکتوں اور مار دھاڑ سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے بلکہ اس طرح کے واقعات سے وادی کے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ پیدا ہوجاتا ہے ۔ سجاد لون نے گورنر سرکار پر زور دیا کہ فوجی آپریشن کے دوران شہری ہلاکتوں کے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی ہو۔ یاد رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں فوج اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی جھڑپ میں تین جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ فوج کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے ۔ اس دوران فوج اور مظاہرین کے مابین ہوئی جھڑپوں کے دوران فوج کی راست فائرنگ کے نتیجے میںسات عام شہری ازجان ہوئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں ۔

Share This Article