سری نگر : قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کی صبح یہاں حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) چیئرمین محمد یاسین ملک کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق این آئی اے اہلکاروں نے منگل کی صبح نگین حضرت بل میں واقع میرواعظ عمر فاروق کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور تلاشی کاروائی شروع کی۔ قبل ازیں این آئی اے نے مائسمہ میں واقع یاسین ملک کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور گھر کی وسیع پیمانے پر تلاشی لی۔ این آئی اے ٹیم کے ساتھ مقامی پولس اور سی آر پی ایف کے اہلکار بھی تھے۔
یہ چھاپہ مار کارروائیاں ظاہری طور پر این آئی اے میں درج ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں انجام دی گئیں۔ مذکورہ کیس میں اب تک قریب ایک درجن کشمیری علیحدگی پسند رہنماﺅں اور معروف تاجروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جنہیں دلی کی تہاڑ جیل میں مقید رکھا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وہ این آئی اے کی چھاپہ مار کاروائیوں سے متعلق تفصیلات اکٹھا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک چھاپہ مار کاروائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔
اس دوران لبریشن فرنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاستی پولس اور فورسز نے منگل کی صبح یاسین ملک کے گھر کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لیا جس کے بعد این آئی اے کی ایک ٹیم نے مکان کے اندر داخل ہوکر تلاشی لیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپہ مار کاروائی کے دوران میڈیا کو بھی فرنٹ چیئرمین کے گھر کے نزدیک جانے نہیں دیا گیا۔
بتادیں کہ یاسین ملک اس وقت پولس تھانہ کوٹھی باغ میں مقید ہیں۔ انہیں ریاستی پولس نے 22 اور 23 فروری کی درمیانی رات کے دوران گرفتار کیا تھا۔

