ہڑتال کامتباد ل اورآئندہ لائحہ عمل مشن
اتوارکومیرواعظ سے ملیں گے:سماج کے ہرطبقے کی رائے لیں گے
سری نگر:۳۱،مئی:کے این این/ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے تشکیل شدہ6رُکنی مشاورتی کمیٹی کے اراکین نے جمعرات کوحریت(گ)چیئرمین سیدعلی گیلانی اورلبریشن فرنٹ چیئرمین محمدیاسین ملک کیساتھ الگ الگ ملاقات کی ۔کے این این کومعلوم ہواکہ حریت(گ)،حریت(ع) اورلبریشن فرنٹ سے وابستہ6لیڈران بشمول غلام نبی زکی ،عمرعادل ڈار،شیخ عبدالرشید،حکیم عبدلرشید،محمدیاسین بٹ اورغلام نبی نجارنے مشاورتی کمیٹی کے ممبران کی حیثیت سے جمعرات کوصبح ساڑھے11بجے بزرگ قائدسیدعلی گیلانی کیساتھ ثانی الذکرکی رہائش گاہ واقع پیرباغ حیدرپورہ میں ملاقات کی ۔ذرائع نے بتایاکہ سیدعلی گیلانی نے مشاورتی کمیٹی کے اراکین کوہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری ،خلوص اورتحریک آزادی کے وسیع ترمفادمیں سماج کے مختلف حلقوں کیساتھ مشاورت کرکے مزاحمتی قیادت کواسکی مکمل جانکاری فراہم کریں ۔بزرگ مزاحمتی قائدکامشاورتی کمیٹی کے ممبران سے کہناتھاکہ آپ حق وصداقت کاساتھ دیں ،اورمسلم معاشرے نیزرواں جدوجہدکیخلاف ہورہی سازشوں کے بارے میں عوام کوخبردارکریں ۔انہوں نے کمیٹی ممبران سے کہاکہ آپ پریہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ تمام مکاتب ہائے فکرسے تعلق رکھنے والے سرکردہ اشخاص اورانکی نمائندہ انجمنوں کے ذمہ داروں کیساتھ پوری دیانتداری اورایمانداری کیساتھ مشاورت کاسلسلہ شروع کریں ۔ذرائع کے مطابق سیدعلی گیلانی نے مشاورتی کمیٹی کے ممبران کوبتایاکہ آپ کشمیر ی عوام کوبالعموم اورسماج کے مختلف مکاتب سے وابستہ انجمنوں اورسرکردہ اشخاص کوہندنوازجماعتوں اوران سے وابستہ ساستدانوں کی تحریک وقوم مخالف سرگرمیوں وسازشوں کے بارے میں خبردارکریں ،اوراُن پریہ واضح کریں کہ ہندنوازلیڈران اصل میں بھارت کے آلہ کارہیں۔سیدعلی گیلانی نے کمیٹی ممبران سے کہاکہ سماج کے مختلف حلقوں کے نمائندوں اورعام لوگوں کیساتھ ملاقاتوں کے دوران اُنھیں کشمیری قوم کی قربانیاں ضروریاددلائیں اوراُنھیں بتادیں کہ زندہ اورباغیرت قومیں کبھی اپنی قربانیوں کوفراموش نہیں کرتی ہیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ سدعلی گیلانی سے مشاورتی ذمہ داری کے حوالے سے ضروری رہنمائی لینے کے بعدمشاورتی کمیٹی کے سبھی 6ارکان نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک کیساتھ بھی ملاقات کی ۔جس دوران سینئرمزاحمتی قائدملک یاسین نے کمیٹی ممبران سے کہاکہ وہ عائدکردہ ذمہ داری کے تحت سماج کے مختلف مکاتب ہائے فکرسے وابستہ اشخاص اورانجمنوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کرکے اُن سے رواں جدوجہدکے بارے میں رائے حاصل کریں ۔ذرائع کے مطابق محمدیاسین ملک نے کمیٹی ممبران سے کہاکہ تاجروں ،صنعت کاروں ،طلا ب ،وکلاء ،ملازمین اورسماج کے دیگرمختلف طبقوں وحلقوں کی نمائندگی کرنے والی انجمنوں کے ذمہ داروں سے جدوجہداورمزاحمت کے طریقہ کاراوراس پرعمل درآمدکے بارے میں رائے حاصل کریں تاکہ رواں جدوجہدکوکامیابی کیساتھ آگے بڑھانے کیلئے ایک دوررس لائحہ عمل مرتب کرنے کی راہ ہموارہوجائے ۔مزاحمتی لیڈرشپ کی تشکیل کردہ چھ رکنی مشاورتی کمیٹی میں شامل ایک مزاحمتی لیڈرنے بتایاکہ سماج کے مختلف طبقوں وحلقوں کیساتھ باضابطہ مشاورت کاعمل شروع کرنے سے پہلے کمیٹی کے سبھی ارکان آئندہ اتوارکوحریت(ع)چیئرمین میرواعظ عمرفاروق کیساتھ میرواعظ منزل واقع نگین حضرتبل میں تفصیلی ملاقات کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ مشاورتی عمل کے دوران لازمی طورپرہڑتال کے متبادل کوبھی زیرغورلایاجائیگاکیونکہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کواسبات کابھرپوراحساس اورادراک ہے کہ آئے دنوں کی ہڑتال سے کشمیری عوام کاہرطبقہ بشمول طلاب ،تاجراورعام محنت کش ومزدورتعلیمی ،کاروباری ،معاشی اورمالی دشواریوں اورمشکلات سے دوچارہوجاتے ہیں ۔

