لیلۃ القدر:ریاست بھر میں روخ پرور تقاریب کا انعقاد

By
4 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

لاکھوں فر زندان توحیدنے رات بھر شب بیداری کی اور بارگاہ ایزدی میں سربسجود

سری نگر:۱۲،جون: / لیلۃ القدر کی مقدس متبرک اور باعظمت تقریب پورے برصغیر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔کے این این کے مطابق اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع مسلمانان کشمیر کی مرکزی عبادت گاہ تاریخی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوا جس میں جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں فرزندان توحید کے علاوہ پردہ نشین خواتین کی ایک بڑی تعداد نے رات بھر شب بیداری کی اور بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر اپنے گناہوں کی مغفرت اور عالم اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے جملہ مشکلات، مصائب اور مسائل کے حل کیلئے رب العزت کی بارگاہ میں گڑگڑا کر دعائیں مانگیں وہیں اس عظیم اور روح پرور تقریب کو پہلی بار دنیا کے مختلف ممالک بشمول یورپ ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک میں رہ رہے لاکھوں کشمیریوں نے فیس بک کے ذریعہ براہ راست اس روح پرور تقریب کا حصہ بن کراس کا مشاہدہ کیا اور میرواعظ کے وعظ و تبلیغ، درود و اذکار ، توبہ و استغفار اور مناجات سے فیض حاصل کیا۔اس موقعہ پر جموں وکشمیر کے میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے روح پرور اور پر کیف بھاری اجتماع میں شب قدر کی فضیلت و عظمت ، نزول قرآن کریم کے انقلابی عمل کا آغاز اور پیغام قرآنی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کریں۔میرواعظ نے رمضان المبارک کے عظیم پیغام کو اس کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ جہاں ہمیں تزکیہ نفس کے حصول اور اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ تمسک کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنے کی دعوت دیتا ہے وہیں اس مہینے کے فیوض و برکات اور اللہ کی بے پناہ رحمتوں سے ایک مسلمان کو بھرپور استفادہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ من حیث القوم آج جن سنگین نوعیت کے مسائل کا ہمیں سامنا ہے اسکی بنیادی وجہ قرآن حکیم سے دوری اور اسلام کے آفاقی پیغام کو نہ سمجھنے یا ان پر عمل نہ کرنا ہے ۔جناب میرواعظ نے کہا کہ قرآنی احکامات اور اسلام کے آفاقی نظام حیات کو سمجھے بغیر اور اس کو اپنی زندگیوں میں عملی طور نافذ کئے بغیر ہم صحیح معنوں میں کامیابی اور سرخروئی سے ہمکنار نہیں ہو سکتے ہیں۔ میرواعظ نے وطن عزیز کے پُر آشوب اور ناگفتہ بہہ حالات کے تناظر میں عید الفطر کی تقریب اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کے ساتھ منانے کی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے عوام کو تاکید کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، یتیموں اور حاجتمندوں کو بھر پور انداز میں شامل کریں اور اس مقدس مہینے میں ہم نے مواسات ، ہمدردی ، انسان دوستی اور ایثار و قربانی کا جو سبق سیکھا ہے اس کی پورے سال ہم اپنی عملی زندگیوں میں تکرار کرتے رہیں تاکہ ہم اپنے سماج کو صحیح معنوں میں ایک بہتر اور برائیوں سے پاک سماج کی حیثیت سے تعمیر کر سکیں۔ اس مرحلے پر میرواعظ نے غلبہ اسلام اور عالم اسلام کے مابین پائیدار اتحاد ، امت مسلمہ کی سربلندی اور خوشحالی اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے رقت آمیز اور پُر سوز دعاؤں کی پیشوائی کی۔

Share This Article