پانچ نوجوانوں کو اننت ناگ پولیس نے کونسلنگ کے بعد والدین کے سپرد کیا
سرینگر؍02؍جون؍ ؍ عسکریت پسند صفوں میں شمولیت کا منصوبہ بنانے والے سرحدی ضلع کپواڑہ کے 5 نوجوانوں کو اننت ناگ پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد گرفتار کیا اور بعد میں کونسلنگ کے بعد انہیں والدین کے سپرد کیا گیا ۔ ایس پی آپریشنز نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے اسٹیشن کھنہ بل کے نزدیک نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق اننت ناگ پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد بجبہاڑہ کے قریب ناکہ لگایا اور اس دوران آلٹو کار میں سوار سرحدی ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے5 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار نوجوان عسکریت پسند صفوں میں شمولیت کا منصوبہ بنا چکے تھے اور اس سلسلے میں شوپیاں جار تھے کہ عین موقعے پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔ایس پی آپریشنز اننت ناگ نے ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ریلوے اسٹیشن کھنہ بل کے نزدیک چھاپہ مار کارروائی کے دوران کئی افراد کو حراست میں لیا جن میں سے پانچ شمالی کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ نوجوانوں کی کونسلنگ کے بعد انہیں والدین کے سپرد کیا گیا ۔ ایس پی نے بتایا کہ نوجوانوں کے قبضے سے کوئی قابل اعتراض شئے برآمد نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ جنگجو یا اُن کے بالائی ورکر ہے۔

