جموں/ 19 فروری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں گاڑیوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر شہری ٹرانسپورٹ نظام میں معقولیت لانے کے لئے طویل اور قلیل مدتی اقدامات کو ضم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ٹریفک نظامت اور شہری نقل و حمل کا ریاست کے اہم علاقوں میں جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان شعبوں کی طرف پالیسیاں مرتب کرتے ہوئے خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے۔ ٹرانسپور ٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں سڑکوں پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے ، روٹ پلان ترتیب دینے اور گاڑیوں کی مناسب آوا جاہی کو یقینی بنانے کے لئے بین محکمانہ ردعمل کی نمائندگی کریں۔انہوں نے جموں اور سرینگرکے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ چھاپڑی فروشوں کی رجسٹریشن لازمی بنائیں اور انہیں موزون طریقے پر منتقل کریں تاکہ ان دو شہروں میں ٹریفک نظامت میں بہتری لائی جاسکے ۔محبوبہ مفتی نے متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ پچھلے برس ان کی طرف یہ معاملہ مرکز کے ساتھ اٹھانے کے بعد سے لے کر اب تک آبی ٹرانسپورٹ نظام میں ہوئی پیش رفت سے انہیں روشنا س کرائیں ۔ انہوں نے شہروں اور قصبوں میں اہم جنکشنوں کی نظامت کے حوالے سے پروجیکٹ مرتب کرنے کی ہدایات دیں تاکہ ٹریفک جامنگ کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے ۔میٹنگ کے دوران وزیرا علیٰ کو ریاست میں شہری نقل و حمل کو آسان بنانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔انہیں ریاست بھر میں پارکنگ مقامات پر ہو رہی پیش رفت اور کئی دیگر اہم امور کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں ہر سال 1.20 لاکھ گاڑیوں کا اضافہ ہوتا ہے جن میں سے 80فیصد دو پہیے ہوتے ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ کثیر المنزلہ پارکنگ سلاٹس مکمل ہونے سے ریاست میں کافی حد تک ٹریفک کے نظام میں آسانی پیدا ہوگی۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ آبی ٹرانسپورٹ نظام میں 30فیصد ٹرپس چلانے کی صلاحیت موجود ہے اور اس سے دونوں شہروں میں ثقافتی اقدار کو بحال کرنے میں بھی مدد ملے گی۔متعلقہ ایجنسیوں نے اس حوالے سے 10روٹوں کی نشاندہی کی ہے جس کا از سر نو جائزہ بھی لیا جارہا ہے ۔چیف سیکرٹری بی بی وِیاس ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ،وزیرا علیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت شرما، سیکرٹری ٹرانسپور ٹ ایم راجیو ، ٹرانسپورٹ کمشنر سواگت بسواس ، آئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔
