نوجوان نے مہلوک پولیس اہلکار کا پستول اُڑا یا اور اُس کی یہ حرکت کیمرے میں قید ہوئی
سرینگر15؍جون؍ یوپی آئی؍؍ شجات بخاری قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے اُس نوجوان کو گرفتار کیا جس نے مہلوک پولیس اہلکار کا پستول اُڑایا تاہم نوجوان کی یہ حرکت کیمرے میں قید ہوئی جس کے بعد پولیس نے اُس کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق معروف صحافی شجات بخاری قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے ایک مشتبہ نوجوان کو کنہ تار سرینگر سے گرفتار کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ شجات بخاری اور اُس کے محافظوں پر فائرنگ کے دوران ایک نوجوان نے مہلوک پولیس اہلکار کا پستول اُڑا کر راہ فرار اختیار کی ۔ تاہم مذکورہ نوجوان کی یہ حرکت کیمرے میں قید ہوئی اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مشتبہ نوجوان کی گرفتاری عمل میں لاکر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید انکشافات متوقع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شجات بخاری پر فائرنگ کرنے والے تین نوجوانوں کے بارے میں ابھی تک پولیس کو کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور بہت جلد انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔

