سرینگر:ریاستی حج واوقاف کے وزیر ِ مملکت سید فاروق اندرابی نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیا۔انہوں نے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ،جب ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ کے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے فر زند تصدق مفتی کی ریاستی کابینہ میں داخل ہونے کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
جموں وکشمیر کی سیاسی گلیاروں میں اُس زبردست ہلچل مچ گئی ،جب ریاستی حج واوقاف کے وزیر ِ مملکت سید فاروق اندرابی نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سید فاروق اندرابی نے محبوبہ مفتی کی سربراہی والی کابینہ سے استعفیٰ دیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ حلقہ انتخاب ڈورو اننت ناگ کے ممبر اسمبلی نے ایک عہدے سے دستبردار ہونے کےلئے استعفیٰ پر مبنی خط وزیر اعلیٰ کو ارسال کیا جبکہ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ استعفیٰ ریاستی گور نر این این ووہرا کو بھیج دیا ،جس میں سفارش کی گئی ہے کہ اس استعفیٰ کو تسلیم کیا جائے ۔
سید فاروق اندرابی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سید تصدق مفتی کے ماما ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے بھانجے کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کےلئے راہ ہموار کرنے کےلئے استعفیٰ دیا ہے ۔تاہم سید فاروق اندرابی نے کہا ہے کہ اُنہوں نے’ ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر اپنی وزارت سے استعفیٰ دیا ۔
