سرینگر:۱۳،جون:کے این این/ متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کہا کہ حصول منزل کے لئے یہ یکجہتی اور اتحاد ناگزیرہے ۔ ترجمان جہاد کونسل سید صداقت حسین کی جانب سے کے این این کو موصولہ تحریری بیان کے مطابق متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کہا کہ ماہ مبارک میں بھی ظالم اور جابر حکمرانوں کے ہاتھوں مظلوموں کا خون بہایا گیا۔تاہم اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ یہ مقدس لہو ضائع نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار حزب سربرہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے ملت اسلامیہ کے نام بالعموم اور کشمیری عوام کے نام باالخصوص پریس کے نام جاری اپنے عید پیغام میں کیا ہے۔انہوں نے کہا ’فلسطین ،شام ،افغانستان اور کشمیر میں ظالم اور جابر حکمرانوں کے ہاتھوں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی مظلوموں کا خون بہایا گیا‘۔تاہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ کے ساتھ یہ امید وابستہ ہے کہ مظلوموں کا خون ضائع نہیں ہوگا۔اللہ اس کی لاج ضرور رکھے گا اور اعلیٰ کلمتہ اللہ اور آزادی کی منزل حاصل کرنے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔سید صلاح الدین نے کشمیری حریت پسند عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی خوشی کے اس موقعے پر ورثاء شہداء اور متاثرین کی عملی مدد کرکے پیغام دیں کہ وہ تنہا نہیں بلکہ اس جد و جہد میں پوری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔حزب سربراہ نے ورثاء شہداء اور جیلوں میں محبوس حریت پسند کارکنوں اور رہنماؤں کو بھی عید مبارک دی اور کہا کہ ان کے حوصلوں اور قربانی کے جذبے نے فورسز کے اعصاب کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ سید صلاح الدین نے حریت پسند عوام اور قیادت سے اس موقع پر اپیل کی ہے کہ وہ درپیش حالات میں یکجہتی اور اتحاد برقرار رکھنے کی ہر ممکنہ کوششوں کو جاری رکھیں۔حصول منزل کے لئے یہ یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔ متحدہ جہاد کونسل کے سر براہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ظلم کی سیاہ رات ضرور ختم ہونے والی ہے اور اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے آزادی کی منزل ضرور حاصل ہوگی۔

