سرینگر/ 7 جنوری :ڈجیٹل انڈیا مہم میں اپنے قدم آگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر بینک ڈجیٹل لین دین کی سروے میں رواں مالی برس کے پہلے تین سہ ماہی کے دوران ملک بھر تیسرے پائدان پر آگیا ہے۔ ‘DigiDhan Dashboard’ جو کہ مرکزی سرکار کی منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پلیٹ فارم ہے کے مطابق بینک نے رواں مالی برس کے پہلے تین سہ ماہی کے دوران یعنی 31 دسمبر 2018 تک ملک بھر میں تین کروڑ اکیس لاکھ کی تعداد میں ڈجیٹل ادئیگی کی ہے جو کہ یونین بینک آف انڈیا اور بینک آف بروڈا سے تجاوز ہے۔
اس پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جے کے بینک چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ جناب پرویز احمد نے کہا کہ قومی ڈجیٹل مہم کے تحت ہم اپنے اہداف کے مشن پر گامزن ہیں اور اپنے سالانہ چار کروڑ کے ہدف کے بالکل نزدیک پہنچنے پر ہمیں فخر ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی سرکار نے رواں مالی برس کیلئے بینکوں کو تین ہزار کروڑ ڈجیٹل ادائیگی کا ہدف دیا ہے اور ‘DigiDhan Dashboard’ کے مطابق دسمبر 2018 تک ملک کے تمام بینکوں نے 1998.12 کروڑ کا ہدف پار کیا ہے۔
اس ضمن میں جے کے بینک نے ڈجیٹل بینکنگ کی سمت بہت سے اقدام اٹھائے ہیں جن میں M-pay، ای بینکنگ، UPI ، پوائنٹ آف سیل ، کریڈٹ /ڈیبٹ کارڈ وغیرہ جیسی سہولیات قابل ذکر ہیں۔
جے کے بینک ڈِجیٹل لین دین میں ملک بھر میں تیسرے پائدان پر
