سری نگر، 15 جون : جموں وکشمیر پولیس نے سینئر صحافی شجاعت بخاری اور ان کے دو ذاتی محافظین کے مشتبہ قاتلوں کی تصویریں جاری کردی ہیں۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ’پریس کالونی (سری نگر) حملے کے سلسلے میں پولیس عوام الناس سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ان مشتبہ (حملہ آوروں) کی شناخت کریں۔ ان کو شناخت کیا جانا پولیس تحقیقات کے لئے ضروری ہے‘۔
پولیس کی طرف سے جاری کی گئیں تصویریں ظاہری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس بیان میں عوام الناس سے کہا گیا کہ اگر وہ ان مشتبہ افراد کو جانتے ہیں تو وہ ان سے متعلق معلومات پولیس تھانہ کوٹھی باغ (سری نگر) یا پولیس کنٹرول روم کشمیرکو فراہم کریں۔ پولیس نے بتایا کہ معلومات فراہم کرنے والوں کا نام مخفی رکھا جائے گا۔
بتادیں کہ پریس کالونی سری نگر میں نامعلوم بندوق برداروں نے جمعرات کی شام قریب ساڑھے سات بجے سینئر صحافی شجاعت بخاری کی گاڑی پر فائرنگ کرکے انہیں اور ان کے دو ذاتی محافظین (پی ایس اوز) کو ہلاک کردیا۔ مہلوک پی ایس اوز کی شناخت ریاستی پولیس کے ایس جی کانسٹیبل عبدالحمید ولد راج محمد ساکنہ ٹنگڈار کپواڑہ اور کانسٹیبل ممتاز احمد ولد رحمت علی ساکنہ خانپورہ کرناہ کپواڑہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
جاری۔ یو این آئی
جموں وکشمیر پولیس نے شجاعت بخاری کے مشتبہ قاتلوں کی تصویریں جاری کردیں

