جموں میں سرحد آگ اگلنے لگی، پاکستانی فائرنگ سے 5 شہری ہلاک ، 40 دیگر زخمی

By
3 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

جموں میں سرحد آگ اگلنے لگی، پاکستانی فائرنگ سے 5 شہری ہلاک ، 40 دیگر زخمی

جموں ، 23 مئی : جموں وکشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر گولہ باری کا سلسلہ بدھ کو مسلسل نویں روز بھی جاری رہا۔ صوبہ جموں کے تین اضلاع جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر منگل کی شام سے پاکستان کی طرف سے جاری شدید مارٹر شلنگ کے نتیجے میں اب تک 5 عام شہری ہلاک جبکہ 40 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے پانچ اہلکار بھی شامل ہیں۔ بیشتر زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’پاکستان کی طرف سے کٹھوعہ، سانبہ اور جموں اضلاع میں درجنوں سرحدی چوکیوں اور دیہات کو نشانہ بناکر گولہ باری کی گئی‘۔
انہوں نے بتایا کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر، سانبہ سیکٹر اور جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں 5 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ’تینوں اضلاع کے ہیرا نگر، ارنیہ، آر ایس پورہ اور کاناچک میں پاکستان کی طرف سے 120 ایم ایم اور 180 ایم ایم مارٹر گولے داغے گئے اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی‘۔ پاکستان فائرنگ کے نتیجے میں منگل کے روز جموں کے مختلف سرحدی علاقوں میں 16 افراد زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’سانبہ سیکٹر اور جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بالترتیب دو، دو جبکہ کٹھوعہ کے ہیرا نگر میں ایک انسانی جان ضائع ہوئی ہیں‘۔ درجنوں رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ بڑی تعداد میں مویشی بھی مارے گئے ہیں۔ ایس ایس پی کٹھوعہ شری دھرپٹیل نے کہا کہ ہیرا نگر میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں رام پال نامی ایک عام شہری جاں بحق ہوا۔ ایس ایس پی سانبہ انیل مگوترہ نے بتایا کہ سانبہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ’پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘۔ ایس ایس پی جموں ہیڈکوارٹر رمیش کوتوال نے بتایا کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں بدھ کی صبح ایک شہری کی موت واقع ہوئی جبکہ ارنیہ سیکٹر میں دو افراد زخمی ہوئے۔
جاری یو این آئی

Share This Article