بحریہ کا جنگجو طیارہ مگ 29کے آج حادثے کا شکار ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق گوا ایئرپورٹ سے اس نے پرواز بھری تھی۔بحریہ کے ٹرینی پائلٹ اس طیارے سے مشق کر رہے تھے کہ یہ حادثہ ہوا۔
بحریہ کے ایک سینئرافسر نے بتایا کہ ’’رن وے پر ہی طیارے میں آگ لگ گئی جس کے بعد پائلٹ اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا‘‘۔
واضح رہے کہ بحریہ کے کسی بھی مگ 29 کے جنگجو طیارے کے حادثے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔بحریہ کے پاس فی الوقت ’ مگ 29کے‘ ساخت کے45 طیارے ہیں اور اسے ایئر کرافٹ کیرئیر آئی این ایس وکرما دتیہ سے پرواز کرایا جاتاہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کے بعد تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں اور ایئرپورٹ کو عام مسافروں کے لئے بندکردیا گیا۔جائے حادثہ پر بحریہ کے بڑے افسران جائزہ لے رہے ہیں۔
حادثے کی تحقیقات کے لئے کورٹ آف انکوائری (سی او آئی) کا حکم دے دیا گیا ہے۔

